برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے انگلینڈ میں کورونا کے باعث سخت ترین پابندیاں عائد کردیں، کورونا کے اومی کرون ویرینٹ کیسز میں اضافے پر پلان بی کے نفاذ کا اعلان کیا گیا ہے ۔
برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کا کہنا ہے کہ اومی کرون کیسز کی تعداد سامنے آنے والے کیسز سے کہیں زیادہ ہے۔پرانی پابندیاں پھر نافذ کی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ اومی کرون تیزی سے پھیل رہا ہے اور ان کے پاس “پلان بی” پر جانے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے، ویکسین بوسٹر پروگرام بھی شروع ہو رہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ سوموار سے جن ورکرز کے لیے گھر سے کام کرنا ممکن ہے وہ گھر سے ہی کام کریں۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا: موجودہ ویکسینز کےاومی کرون کے خلاف ناکام ہونے کا امکان نہیں
جمعے سے بیشتر عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی ہوگا۔تھیٹر اور سینما میں بھی ماسک کا استعمال کیا جائے گا۔
پابندیوں کے مطابق آئندہ ہفتہ سے نائٹ کلب اور رش والے مقامات پر جانے کیلئے کوویڈ پاس دکھانا لازمی ہوگا۔
کورونا کے باعث لگائے گئے طویل لاک ڈاون کی بحالی کے بعد پھر سے نئی اور سخت پابندیوں کو کیفے، ریسٹورنٹس اور دکانوں کے لیے دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔ جو کرسمس پر کاروبار کی تعمیر نو اور بحالی کے لیے پر امید تھے۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس کورونا وبا پھیلنے پر برطانیہ میں مکمل اور طویل لاک ڈاون کے باعث برطانوی معیشت 10 فیصد تک سکڑ گئی تھی جو ایک تاریخ کمی تھی۔