اسلام آباد: وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ پہلی بار اسلام آباد کے لیے بااختیار اور بامقصد بلدیاتی نظام لایا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت اسلام آباد بلدیاتی نظام ایکٹ 2021 کا جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں علی اعوان، راجہ خرم نواز، سیکرٹری داخلہ اور دیگر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں کہا گیا کہ بلدیاتی نظام ایکٹ 2021 کی سفارشات کا 2 حصوں پر مشتمل مسودہ تیار کر لیا گیا ہے اور پہلا حصہ میٹروپولیٹن اسلام آباد اور دوسرا حصہ نیبر ہڈ کونسل پر مشتمل ہو گا۔
میئر کے علاوہ مجموعی طور پر میٹرو پولیٹن کارپوریشن 70 ارکان پر مشتمل ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں: وزرا کالعدم جماعت پر بیانات نہ دیں، دشمن فائدہ اٹھاتے ہیں، وزیر اعظم
وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار اسلام آباد کے لیے بااختیار اور بامقصد بلدیاتی نظام لایا جا رہا ہے اور نیا بلدیاتی نظام اسلام آباد کے شہریوں کو گھر تک سہولیات دینے کا پابند ہو گا۔