پاکستانی کشمیریوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے، صدراور وزیر اعظم کا پیغام


  صدر مملکت عارف علوی کا کہنا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کا غیر قانونی قبضہ ضرور ختم ہو گا۔

صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی کا یوم ِ سیاہ کے موقع پر پیغام میں کہنا ہے کہ پوری پاکستانی قوم حق خود ارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں کشمیری بھائیوں ، بہنوں کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ پاکستان بہادر کشمیریوں کی استقامت اور انکے ناقابل ِ تسخیر جذبے کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔

صدر مملکت کا کہنا ہے کہ 27اکتوبر 1947 ء کو ہندوستان نے ایک غیر قانونی مداخلت کے ذریعے جموں و کشمیر پر غیر قانونی طور پر قبضہ کیا۔27 اکتوبر کو کشمیر میں ظلم و ستم کاشروع ہونے والا بھارتی راج آج بھی برقرار ہے۔

7 دہائیوں میں بھارتی حکومتوں نے کشمیری عوام کو بدترین ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنایا۔ ہندوتوا نظریہ کے تحت بی جے پی کی فاشسٹ حکومت نے مسلمانوں اور دیگر اقلیتی برادریوں پر ظلم ڈھانا شروع کر دیے ہیں۔

انہوں نے  کہا ہے کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو کشمیری عوام کو ان کے معاشی، سیاسی اور زمینی حقوق سے محروم کرنے کیلئے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدام اٹھایا۔  بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کی متعدد قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں۔پاکستان بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات کو قبول نہیں کرے گا۔

صدر عارف علوی نے کہا ہے کہ  کشمیریوں کے خلاف بھارتی ریاستی دہشت گردی کشمیریوں کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکی۔ کشمیری عوام نے اپنے لہو سے عزم، حوصلے اور قربانیوں کا ایک شاندار باب تاریخ  میں رقم کیا ہے۔

بھارتی دعووں کے برعکس،  جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے،تنازعہ جموں و کشمیر سات دہائیوں سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر ہے۔  عالمی برادری بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں پر بھارت کو جوابدہ ٹھہرانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔

انہوں نے  کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق  جموں و کشمیر تنازعہ کا پرامن حل ہی خطے میں امن کو یقینی بنانے کا واحد راستہ ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے یوم سیاہ پر پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان اور لاکھوں کشمیر 27 اکتوبر کو کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف یوم سیاہ مناتے ہیں۔آج کا دن بھارتی تسلط کے خلاف کشمیریوں عوام کی قربانیوں کی یاد تازہ کرتا ہے.

ان کا کہنا ہے کہ بھارت کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو دبانا چاہتا ہے۔7دہائیوں سے بھارتی ظلم و جبر کے باوجود کشمیری عوام کا عزم و جذبہ مضبوط ہے۔جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے ۔ پاکستان کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول کے لئے کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہے۔

عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔عالمی برادری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حق دلانے میں کردار ادا کرے۔5اگست 2019 کے بھارتی اقدامات عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔آج بھارت میں آر ایس ایس کے نظرے کی حکمرانی ہے۔

بھارت میں مسلمان سمیت اقلیتوں کی کوئی جگہ نہیں۔ حکمران جماعت بی جے پی کشمیریوں کی آواز دبانے کے لئے ظالمانہ طریقے اپنائے ہوئے ہیں۔5اگست کے اقدامات کے بعد بھارتی محاصرے اور میڈیا بلیک آؤٹ کو 815 دن ہوگئے۔پاکستان نے بھارتی مظالم کو دنیا بھر کے سامنے اجاگر کیا۔

سلامتی کونسل میں 3 بار مسئلہ کشمیر زیر بحث آنا بھارت کی جانب سے اندرونی مسئلہ قراردینے کی نفی ہے۔پاکستان نے کشمیر میں جاری مظالم پر ڈوزیئر پیش کیا۔ڈوزیئر میں بھارت کے غیر انسانی رویئے کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔


متعلقہ خبریں