ہیڈ کوچ کے عہدے سے استعفی دینے کے بعد مصباح کا اہم بیان سامنے آ گیا

مصباح کے بیک وقت دو عہدے رکھنے کی مخالفت

قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد مصباح الحق کا اہم بیان سامنے آ گیا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے سابق کپتان و کوچ نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ یہاں نتائج کو دیکھ کر فیصلے کر لیے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس سے آگے بڑھتے ہی نہیں ہیں، نہ کھلاڑیوں کی صلاحیتوں اور اسکلز پر توجہ دیتے ہیں۔

مصباح الحق نے کہا کہ ٹیم کو جیسے ہی ایک میچ یا سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑتا ہے، تو خود کو بچانے کے لیے قربانی کا بکرا ڈھونڈتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ  اگر ہم نے اسی طرح کاسمیٹک سرجری کا سلسلہ جاری رکھا تو کسی بھی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں آئے گی، آپ کوچز اور پلیئرز کو تبدیل کرسکتے ہیں مگر اصل مسائل بدستور موجود رہیں گے۔

مصباح الحق نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلیے پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے تبدیلیوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا، جس کے تحت سینئر آل راؤنڈر شعیب ملک اور وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کی واپسی ہوئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پہلے آپ نے ٹیم کیلیے تبدیلیاں کیں اور پھر چند روز بعد یوٹرن لے کر نکالے ہوئے کرکٹرز کو واپس لے آئے۔


متعلقہ خبریں