گلگت: ٹور ڈی خنجراب ریلی کا ٹائٹل بلوچستان ٹیم کے عبد الرزاق نے اپنے نام کرلیا۔
کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے عبد الرزاق نے تیسرے اور آخری دن سوست سے پاک چین سرحد پر واقع خنجراب ٹاپ تک کا فاصلہ تین گھنٹے 18 منٹ 51 سیکنڈز میں طے کیا۔
’ہم نیوز‘ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چمپیئن بننے کے بعد گلگت بلتستان کے عوام نے بہت عزت دی۔
ایک سوئس سائیکلسٹ نے ’ہم نیوز‘ کو بتایا کہ یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ اتنی بلندی پر سائیکلنگ کی، انہوں نے آئندہ بھی ایسے ایونٹس میں شرکت کے عزم کا اظہار کیا۔
سطح سمندر سے 16 ہزار فٹ کی بلندی پر واقع دنیا کے بلند ترین علاقے خنجراب ٹاپ پر یہ پہلی سائیکل ریلی تھی جس میں سندھ، بلوچستان، پنجاب، کے پی، پاک آرمی، واپڈا، سوئی ناردرن سمیت گلگت بلتستان کی ٹیموں کے 120 سے زائد سائیکلسٹس نے حصہ لیا۔
ریلی کا انعقاد حکومت گلگت بلتستان، سرینا ہوٹل اور پاکستان سائیکلسٹ فیڈریشن کے تعاون سے کیا گیا تھا۔