اسلام آباد: پاکستان میں موسم کے اتارچڑھاؤ سمیت متعلق معاملات پر نظر رکھنے کے ذمہ دار ادارے محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ رمضان کا چاند کل بدھ کو نظر آسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے جنوب مغربی اضلاع اور سندھ میں 16 مئی کو مطلع صاف رہنے کی توقع ہے۔ امید ہے کہ اس دوران رمضان المبارک 1439 ہجری کا چاند نظر آ سکے گا۔
فلکیات اور موسمیات سے وابستہ ماہرین کہتے ہیں کہ 23 گھنٹے سے زائد عمر کا چاند دیکھا جا سکتا ہے، بدھ 16 مئی کو چاند کی عمر 27 گھنٹے ہو گی جو مطلوبہ معیار سے چار گھنٹے زیادہ ہے۔
ماہرین نے توقع ظاہر کی ہے کہ رمضان کا چاند غروب آفتاب کے بعد ایک گھنٹے تک نظر آ سکے گا۔
پاکستان میں رمضان المبارک 1439 ہجری کا اعلان کرنے سے قبل رمضان کا چاند دیکھنے کےلیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس بدھ کو کراچی میں ہو گا ۔
سعودی عرب میں رمضان المبارک 1439 ہجری کاچاند دیکھنے کے لیے اجلاس آج منگل کو ہو گا۔ امریکا اورکینیڈا میں اسلامی کیلنڈر کے مطابق پہلاروزہ بدھ 16 مئی کوہوگا۔ آسٹریلیا، برطانیہ اور دیگر ممالک میں بھی رمضان کے چاند کی رویت کے اعلانات پہلے سے طے شدہ طریقے کے مطابق کیے جائیں گے۔