عمرہ کرنے کے لیےکووِیڈ ویکسین کی دونوں خوراکیں لازمی قرار


 سعودی عرب حکام کی جانب سے عمرہ کرنے کے لیے کوویڈ ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔

سعودی حکام نے اعلان کیا ہے کہ صرف وہی افراد عمرہ کر سکیں گے جنہوں نے کورونا  ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوالی ہیں۔ فیصلے کا اطلاق آج سے یعنی اتوار 10 کتوبر سے ہوگا۔

وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق  مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام میں مناسک عمرہ کی ادائیگی ، نماز ادا کرنے اور مسجد نبویؐ میں  داخلے اجازت ناموں پر نئی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

دونوں مقدس مقامات پر صرف ان افراد کو  جانے کی اجازت ہو گی  جنہوں نے سعودی عرب میں منظور شدہ کسی بھی ویکیسن کی دونوں خوراکیں لگوا رکھی ہوں۔

اعلامیے کے مطابق جن لوگوں کو کورونا ویکسین لگوانے سے استثنیٰ حاصل ہے ان کےنام کا اندارج وزارت صحت کی ایپلی کیشن میں ہونا ضروری  ہے

جن لوگوں نے پہلے سے عمرہ کے لیے اجازت نامے اور تاریخیں لے رکھی ہیں انہیں اپنے عمرہ کی تاریخ سے48 گھنٹے قبل کورونا ویکسین کی دوسری ڈوز لازمی لگوانا ہو گی۔ بصورت دیگر ان کا اجازت نامہ منسوخ کر دیا جا ئے گا۔

وزارت حج وعمرہ نے شہریوں سے جلد از جلد ویکسین کی دونوں خوراکیں مکمل کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مسجد حرام : کورونا کی وبا کے بعد پہلی بار بیرونی صحن میں نماز کی تیاری

یاد رہے کہ  سعودی عرب  میں کورونا کی بہتر صورتحال کے بعد سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے معتمرین کی تعداد 1 لاکھ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ خانہ کعبہ میں یومیہ 60 ہزار  نمازیوں کو عبادت کی اجازت دی گئی ہے۔

ویکسین کا کورس مکمل کرنے والے 70 برس سے زائد عمر والوں کو بھی عمرے کی اجازت دی گئی ہے، اسی طرح 17 اور 18 سالہ مقامی نوجوان بھی ویکسین لگوانے کے بعد عمرہ کرسکیں گے۔


متعلقہ خبریں