سمندری طوفان ‘شاہین’ سے تباہی کا سلسلہ جاری ہے، عمان اور ایران میں طوفان سے ہلاکتوں کی تعداد 13 ہو گئی ہے۔
عمان کے حکام کے مطابق ریسکیو آپریشن کے دوران انہیں ایک شخص کی لاش ملی جس کی گاڑی کو ریلا بہا لے گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ طوفان کے ٹکرانے کے بعد اسی طرح سیلابی پانی میں ایک بچہ ڈوب گیا تھا جبکہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 2 غیر ملکی جاں بحق ہوگئے تھے۔
دوسری جانب ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ امدادی عملے نے لاپتا ہونے والے پانچ میں سے دو ماہی گیروں کی لاشیں برآمد کرلی ہیں، ماہی گیروں کا گاؤں پاکستان سے متصل ایران کی سرحد پر واقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سمندری طوفان شاہین سے ایران اور عمان میں تباہی، 9 افراد جاں بحق
عمانی سرکاری ٹیلی ویژن کی جانب سے نشر کی جانے والی تصاویر میں سلطنت کی سڑکوں اور وادیوں میں طوفان کے مناظر دیکھے گئے، جس کی لہریں پڑوسی ملک متحدہ عرب امارات تک پہنچ رہی ہیں۔
عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق موسمیاتی صورتحال کے پیش نظر متحدہ عرب امارات کے حکام نے بھی شہریوں کے لیے وارننگ جاری کررکھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:شاہین عمان سے ٹکرا گیا: سیلابی صورتحال، بچہ جاں بحق، پروازیں منسوخ
حکام کے مطابق سمندری طوفان شاہین مسقط سے شمال میں واقع البطینہ گورنری تک ساحلی علاقوں پر براہ راست اثرانداز ہوگا۔ اس کے نتیجے میں تیز ہوائیں چلیں گی اور200 سے 600 ملی میٹرتک موسلا دھار بارش ہوگی جس کے نتیجے میں شمالی البطینہ، جنوبی البطینہ، مسقط، الظہیرہ، البریمی اورالداخلیہ کی گورنریوں میں شدید سیلاب کا خطرہ ہے۔