شریف خاندان کا وطیرہ ہے کبھی سچ نہیں بولتے، فواد چوہدری


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے 10 سال میں 25 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی۔ شریف خاندان کا وطیرہ ہے کبھی سچ نہیں بولتے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال سے کوشش کر رہے ہیں کہ حزب اختلاف سے بات چیت شروع ہو جبکہ اصلاحات پر جامع قانون سازی کے لیے جوائنٹ سیشن بھی بلانے جا رہے ہیں۔ شوکت ترین کو سینیٹ کا رکن بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے پریس کانفرنس میں صرف جھوٹ بولا جبکہ لگتا تھا کہ شہباز شریف پریس کانفرنس میں الزامات کا جواب دیں گے۔ 2 دن پہلے بھی جعلی خبریں چلائی گئیں اور شریف فیملی کا وطیرہ ہے کہ کبھی بھی سچ نہیں بولتے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ شریف فیملی سے متعلق کیسز کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہونی چاہیے جبکہ العربیہ اور رمضان شوگر ملز کے ذریعے منی لانڈرنگ کی گئی اور ان 2 ملز کے ذریعے 25 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ملک مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹ میں اربوں روپے آئے اور حاجی نعیم کے اکاؤنٹ میں 28 ارب روپے آئے۔ رمضان شوگر مل کے ملازم تنویرالحق کے اکاؤنٹ میں 51 کروڑ روپے آئے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ سلیمان شہباز کے خلاف کیس حکومت کی طرف سے نہیں بھجوایا گیا بلکہ این سی اے نے اپنے طور پر اس کیس کو ڈیل کیا۔ حمزہ شہباز کے اکاؤنٹ میں جعلی ٹی ٹیز آئیں جبکہ مشتاق چینی والے کے ڈرائیور محمد وارث کے اکاؤنٹ میں 25 ارب روپے منتقل کیے گئے اور قیصر عباس کے اکاؤنٹ میں ایک ارب روپے سے زائد آئے۔

انہوں نے کہا کہ چپڑاسی محمد اسلم کے اکاؤنٹ میں بھی پیسے آئے اور اظہر عباس کےاکاؤنٹ میں 11 ارب روپے آئے۔ ہمارا ذاتی پیسہ نہیں لوٹا گیا یہ پاکستانی قوم کا پیسہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: محمد زبیر کی وائرل ویڈیو سے متعلق مریم نواز کا مؤقف آ گیا

وفاقی وزیر نے کہا کہ شہباز شریف نے نواز شریف کی واپسی کی گارنٹی دی تھی اور نواز شریف کے بیرون ملک جانے کے لیے ٹوپی ڈرامہ کیا گیا۔شریف خاندان کے لوگ صرف اقتدار کے لیے پاکستان آتے ہیں اور مریم نواز بھی اس لیے یہاں ہیں کہ ہم انہیں باہر نہیں جانے دے رہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے 10 سال میں 25 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے علاوہ پورے پاکستان میں کوئی نیشنل پارٹی نہیں ہے جبکہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور جے یو آئی یہ سب لوکل پارٹیاں ہیں۔ عمران خان اور ہم سب نے اپنا کام کر دیا ہے باقی کام ادروں کا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ای وی ایم پر حزب اختلاف کے ساتھ گفتگو چل رہی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ای وی ایم کا معاملہ آگے بڑھے اور ایک سال سے حزب اختلاف کے ساتھ ای وی ایم کے معاملے پر بات کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں