جنگ کا زمانہ گیا اب سفارتکاری کا دور ہے، جوبائیڈن

Joe Biden

فائل فوٹو


واشنگٹن: امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ جنگ کا زمانہ گیا اب سفارتکاری کا دور ہے۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں ناختم ہونے والی جنگ کا خاتمہ کر کے سفارتکاری کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا۔ امریکی صدر نے جامع حکومت سازی اور خواتین کو حقوق دینے کے لیے طالبان پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ ماحولیاتی تبدیلی کے لیے 100 ارب ڈالر مختص کر رہا ہے۔ ایران جوہری پروگرام پر اپنے وعدے پورے کرے تو امریکہ بھی مثبت جواب دے گا۔

جوبائیڈن نے کہا کہ امریکہ چین کے ساتھ سرد جنگ نہیں چاہتا بلکہ نائن الیون کے بعد پیدا ہونے والے تنازعات سے ہٹ کر موسمیاتی تبدیلیوں اور کورونا وائرس جیسے بحرانوں سے متعلق عالمی رہنمائی فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ وہ تنازعات کے باوجود جمہوریت اور ممالک کے ساتھ اتحاد کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ امریکہ ہر اس ملک کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہے جو چیلنجز کو شیئر کرتے ہوئے پرامن حل کی جانب قدم اٹھائے گا اگرچہ دیگر معاملات پر شدید اختلافات رکھتے ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی پرچم اتارنے والے کو سخت سزا دیں گے، ترجمان طالبان

امریکی صدر نے کہا کہ امریکہ دنیا کو بلاکس میں تقسیم کرنا نہیں چاہتا۔ ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ بحال کرنے کی غرض سے چین، فرانس، روس، برطانیہ اور جرمنی کے ساتھ کام کر رہے ہیں تاکہ ایران کے ساتھ سفارت کاری کے ذریعے جوہری معاہدہ بحال کیا جائے جس سے امریکہ 2018 میں دستبردار ہوا تھا۔


متعلقہ خبریں