نواز شریف نے پاکستان کا وقار مجروح کیا، شیری رحمان


کراچی: سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شیری رحمان نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان کا وقار مجروح کردیا ہے، دہشت گردی سے نمٹنا کسی ایک ملک کی ذمہ داری نہیں ہے۔

بلاول ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ نواز شریف کے موجودہ بیان پر پوری دنیا میں سوال اٹھنا شروع ہوگئے ہیں، پیپلزپارٹی کو نواز شریف کے بیان سے بہت تکلیف ہوئی ہے اور ہم نواز شریف کے بیان کو مسترد کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے شاید اپنی ذات کو تقویت دینے کے لیے بیان دیا ہے لیکن مودی کے مؤقف پر بھی ٹھپہ لگا دیا ہے، ہماری افواج اور شہریوں نے جو قربانیاں دی ہیں اُن پر پانی پھیر دیا گیا ہے۔

سینیٹ میں قائد حزب اختلاف نے کہا کہ پیپلزپارٹی پاکستان کا مقدمہ ہر سطح پر لڑے گی اور پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں  زہر گھولنے والے کسی شخص کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اُنہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں ملک میں امن قائم ہو کیونکہ امن سے ہی جمہوریت مضبوط ہوگی، عالمی قوتوں نے پاکستان کو مشترکہ ہدف بنا رکھا ہے۔

شیری رحمان نے کہا کہ ممبئی حملوں کے کیس میں کون نہیں چاہتا کہ ٹرائل آگے بڑھے، اس کیس میں پاکستان کی جانب سے جو کوششیں کی گئیں وہ کیوں نہیں بتائی گئیں۔

سابق وزیراعظم نواز شریف نے ممبئی حملوں کے حوالے سے مقامی اخبار کو دیے گئے بیان میں اعتراف کیا ہے کہ ممبئی حملوں میں پاکستان ملوث ہے جس نے ملک بھر میں کھلبلی مچا دی ہے جبکہ بھارت نے نوازشریف کے اس بیان کو بہت زیادہ اہمیت دی۔

 


متعلقہ خبریں