افواج پاکستان نے قوم کی مدد سے دشمن کو شکست دی، صدر مملکت


اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ افواج پاکستان نے پوری قوم کی مدد سے دشمن کو ہر محاذ پر شکست دی۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم دفاع و شہدا کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یوم دفاع جرات، بہادری اور حب الوطنی سے لگن کی علامت ہے۔ افواج پاکستان نے جراتمندی سے دشمن کےعزائم کو خاک میں ملایا۔

انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے پوری قوم کی مدد سے دشمن کو ہر محاذ پر شکست دی جبکہ دفاع وطن کی خاطرافسروں اور جوانوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ شہدا کے خاندانوں کو ان کے حوصلے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ مسلح افواج اور سیکیورٹی اداروں نے ملک کو درپیش چیلنجز پر کامیابی سے قابو پایا۔

انہوں نے کہا کہ مسلح افواج اور سیکیورٹی ادارے ملکی داخلی سلامتی میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ ہماری مسلح افواج اقوام متحدہ کے پرچم تلے عالمی امن برقرار رکھنے میں تعاون کر رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں آج یوم دفاع ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان اپنے اردگرد ہونے والی تمام تبدیلیوں سے پوری طرح آگاہ ہے اور ہم مقبوضہ کشمیر پر اپنے اصولی مؤقف سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔


متعلقہ خبریں