کراچی: ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے قیام کا مقصد کسی جماعت کو ریلیف دینا نہیں ہے۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ہم نیوز کے پروگرام صبح سے آگے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر سب جماعتوں کا اتفاق نہیں ہے جبکہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے قیام کا مقصد کسی سیاسی جماعت کو ریلیف دینا نہیں بلکہ عوام کی خدمت تھا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کسی کے کہنے پر استعفیٰ دے دیتی تو پتہ نہیں کیا ہوتا، اس لیے وقت نے ثابت کیا پیپلز پارٹی کی استعفیٰ نہ دینے کی پالیسی درست تھی۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے استعفیٰ کا مطالبہ کیا مگر وقت نے درست ثابت نہیں کیا۔ نواز شریف کا کنوکشن کے بعد بھی بیرون ملک رہنا عجیب بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار بھی بیرون ملک ہیں اور ان سب کو ریلیف ملتا ہے لیکن پیپلز پارٹی کو نہیں ملتا۔
یہ بھی پڑھیں: ایک وقت آئے گا لوگ اپوزیشن کی وجہ سے ٹی وی نہیں دیکھیں گے، شیخ رشید
مہران ٹاؤن فیکٹری میں آگ لگنے کے واقعہ پر بات کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ مہران ٹاون فیکٹری میں آگ کا واقعہ افسوسناک تھا اور مہران ٹاون فیکٹری میں آگ کے واقعے نے بہت سوالات کھڑے کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہری اور حکومت نے مل کر کام کرنا ہو گا۔ جن عمارتوں میں آگ بجھانے کے آلات نہیں ہوں گے ان کے خلاف کارروائی ہو گی۔