خدیجہ صدیقی کے گھر پر فائرنگ، پہلا ملزم ملوث ہوا تو بھرپور ایکشن لیا جائے گا، فیاض الحسن


لاہور کے علاقے گلبرگ میں ایڈووکیٹ خدیجہ صدیقی کے گھر پر فائرنگ ہوئی ہے جس کے نتیجے میں گیراج میں کھڑی گاڑی کو نقصان پہنچا۔

ذرائع کے مطابق ملزمان فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں جب کہ پولیس نفری نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھےکر لیے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سی سی پی او لاہور سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

انہوں نے حکم دیا ہے کہ فائرنگ کرنے والے ملزمان کو جلد گرفتار کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

خدیجہ صدیقی قاتلانہ حملہ کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری

پنجاب حکومت کے ترجمان فیاض الحسن چوہان کا خدیجہ صدیقی سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں انہوں نے عثمان بزدار اورحکومت پنجاب کی جانب سےمکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ نے واقعے کا نوٹس لیکر سی سی پی او لاہورسےرپورٹ طلب کر لی ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے خدیجہ صدیقی کو یقین دلایا کہ معاملے کی غیر جانبدار انکوائری ہو گی اور جو بھی ملوث ہوا اسےسزا دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے ملزم کے بالواسطہ یا بلا واسطہ ملوث ہونے پرحکومت پنجاب بھرپور ایکشن لے گی۔

یاد رہے کہ 2016  خدیجہ صدیقی پر ان کے کلاس فیلو شاہ حسین نے قاتلانہ حملہ کیا تھا اور  چھرے کے وار کر کے انہیں شدید زخمی کر دیا۔

بعد ازاں عدالت نے مجرم شاہ حسین کو 5 سال قید کی سزا سنائی تھی تاہم اسے 5 سال کی بجائے ساڑھے 3 سال سزا کاٹنے کے بعد جیل سے رہا کردیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں