ہمارا کوئی پسندیدہ نہیں، افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے، آرمی چیف


آرمی چیف  جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے۔ہماری خواہش امن و استحکام کے لیے تعاون کرنا ہے، افغانستان میں ہمارا کوئی پسندیدہ  نہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں تعینات جرمنی، اٹلی ، ہالینڈ اور فرانس کے سفیروں  نے ملاقات کی جس میں افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:آرمی چیف سے ترک وزیر دفاع کی ملاقات: افغان امن عمل پر تبادلہ خیال

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہماری خواہش افغانستان میں امن و استحکام کے لیے تعاون کرنا ہے۔

ملاقات میں یورپی یونین کے ساتھ دوطرفہ تعاون بڑھانے پربھی بات چیت کی گئی۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ،ہم مشترکہ مفادات پر مبنی تعلقات کو بڑھانے کے منتظر ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آنے والے معززین نے علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور ہر سطح پر پاکستان کے ساتھ مزید تعاون کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔۔

ادھر عراق کے وزیر خارجہ فوادحسین نے بھی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات  کی ہے  جس میں باہمی دلچسپی کےامور،علاقائی سلامتی اور افغانستان کی صورتحال پربھی بات چیت کی گئی۔

آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان عراق کےساتھ اپنےتعلقات کواہمیت دیتاہے۔


متعلقہ خبریں