پاکستانی سفارتخانے نے مزدور کی میت کے سات لاکھ وصول کرلیے


مظفر گڑھ: پاکستانی مزدور کی میت والدین تک پہنچانے کے سفارتخانے نے مبینہ طور پرسات لاکھ روپے وصول کرلیے۔ غریب والدین اور لواحقین نے اپنے پیارے کا آخری دیدار کرنے اور روایتی انداز سے مرحوم کی تدفین یقینی بنانے کے لیے رشتہ داروں اور اہل محلہ سے ادھار و چندہ جمع کرکے رقم ادا کی۔

واقعات کے مطابق مظفر گڑھ کا رہائشی قمرعباس عراق میں جنریٹر آپریٹر کی ملازمت کرتا تھا۔ 21 دن قبل وہ جان کی بازی ہار گیا تو اس کے والدین کو بیرون ملک سے اطلاع دی گئی۔

اطلاعات کے مطابق مرحوم کے اہل خانہ نے جب میت کو وطن واپس لانے کے سلسلے میں پاکستانی سفارتخانے سے رابطہ کیا تو ان سے اخراجات کی مد میں مبینہ طور پرآٹھ لاکھ روپے ادائیگی کا مطالبہ کیا گیا۔

علاقے سے موصولہ اطلاعات کے مطابق مرحوم قمر عباس کے والدین اور دیگر لواحقین غربت کے باعث اتنی بڑی رقم کی ادائیگی سے قاصر تھے۔ عراق میں قائم پاکستانی سفارتخانے کے حکام نے ساری صورتحال جاننے کے بعد ایک لاکھ روپے کی رعایت دینے کا فیصلہ کیا جس کے بعد سات لاکھ روپے انہیں جمع کرنے تھے۔

ہم نیوز کو موصول اطلاع کے مطابق سلطان کالونی مظفر گڑھ کے رہائشی قمر عباس کے غریب والدین اور دیگر لواحقین نے جاننے والوں سے ادھار اور چندہ لے کرمبینہ رقم کی ادائیگی کی تو اس کے بعد انہیں مرحوم کی میت دینے کی حامی بھری گئی۔

قمر عباس کی میت گزشتہ روز عراق سے وطن پہنچا دی گئی۔ مرحوم کے والدین اور لواحقین اب اپنے ’پیارے‘ کی تدفین اپنی روایا ت اور رسم و رواج کے مطابق کردیں گے۔


متعلقہ خبریں