جرمنی: صنعتی علاقے میں دھماکہ، متعدد افراد لاپتہ


جرمنی کے شہر لیوکیوسن کے صنعتی علاقے میں دھماکہ ہوا ہے اور پولیس نے تمام شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق پانچ افراد لاپتہ ہو گئے ہیں۔ دھماکہ مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بجکر40 منٹ ہوا۔ اس صنعتی علاقے میں زیادہ تر کیمیکل فیکٹریاں ہیں۔

جرمنی کی سرکاری ویب سائٹ ڈی ڈبلیو کے مطابق دھماکے سے16 افراد زخمی ہوئے جن میں سے4 کی حالت تشویشناک ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے دو کی حالت زیادہ خراب ہے۔ دھماکے اور اس کے بعد لگنے والی آگ کی وجہ فی الحال معلوم نہیں ہوسکی۔

پولیس نے قریبی رہائشیوں سے کہا کہ وہ گھر کے اندر ہی رہیں اور دروازے اور کھڑکیاں بند رکھیں۔ قریبی متعدد موٹروے بند کردی گئی ہیں اور پولیس نےڈرائیوروں کو متبادل راستہ اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مقامی افراد کے مطابق دھماکہ اتنا زوردار تھا کہ اس سے گھروں کی کھڑکیاں تک ہل گئیں اور اسے کافی دور تک سنا گیا۔

جرمنی کے شہر لیوکیوسن کی آبادی ایک لاکھ63 ہزار ہے اور ملک کی سب سے بڑی کیمیکل فیکٹری کا ہیڈ کوارٹر بھی اسی شہر میں ہے۔

 

 


متعلقہ خبریں