بریڈ پٹ سے قانونی جنگ: انجلینا جولی کے حق میں بڑا فیصلہ

انجلینا جولی نے جج کو ہٹانے کی اپیل جیت لی

عالمی شہرت یافتہ ہالی ووڈ اداکارہ اور اقوام متحدہ کی خصوصی سفیر انجلینا جولی نے اپنے اور سابق شوہر بریڈ پٹ کے درمیان گود لیے بچوں کی حوالگی سے متعلق کیس کا فیصلہ سنانے والے نجی جج کو ہٹانے کی اپیل جیت لی ہے۔

اس سال مئی میں نجی جج جان اوڈرکرک نے انجلینا کے ساتھ بچوں کی مشترکہ کفالت کیلئے بریڈ پٹ کے حق میں فیصلہ سنایا تھا۔ کیلیفورنیا کی ایک عدالت نے بچوں کی تحویل سے متعلق بریڈ پٹ کے حق میں فیصلہ سنانے والے جج کو ہٹادیا۔

اینجلینا جولی نے جج کے اس فیصلے کے خلاف کیلیفونیا کی ایک عدالت میں اپیل دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ جج نے ان کے بچوں کی تحویل کے سلسلے میں ہونے والی سماعت میں بچوں کو گواہی دینے کی اجازت نہیں دی۔

جج جان اوڈرکرک نے اداکار بریڈ پٹ کو سابق جوڑے کے پانچ نابالغ بچوں 17 سالہ پیکس ، 16 سالہ زہرا، 14 سالہ شیلو،  13 سالہ نوکس اور ویوین کی مشترکہ تحویل دی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کیلیفورنیا کی ایک عدالت نے جولی کی طرف سے فیصلہ سنانے والے نجی جج کو اس کیس سے ہٹانے کی اپیل سے اتفاق کرتے ہوئے اپنے فیصلے میں کہا کہ جج اوڈرکرک نے بریڈ پٹ کے وکیلوں کے ساتھ اپنے کاروباری تعلقات کا انکشاف نہیں کیا تھا۔

عدالت نے کہا کہ یہ ایک “اخلاقی خلاف ورزی” تھی جس سے “جج کی غیرجانبداری کی صلاحیت” پر شک پڑگیا ہے۔

اس عدالتی فیصلے کے بعد نئے جج کے سامنے سابقہ جوڑے کے درمیان پانچ نابالغ بچوں کی تحویل اور کفالت سے متعلق قانونی جنگ دوبارہ شروع شروع ہوسکتی۔

مزید پڑھیں: بریڈ پٹ اور انجلینا جولی کے درمیان سب سے مہنگی قانونی جنگ

خیال رہے کہ امریکہ میں طلاق لینے والی مشہور شخصیات باہمی تنازعات کے حل اور رازداری کی وجوہات کی بناء پر نجی ججوں کی خدمات حاصل کرتی ہیں۔

دریں اثنا بریڈ پٹ کے ترجمان نے کہا کہ عدالت کا یہ فیصلہ تکنیکی مسئلے پر مبنی تھا۔

ترجمان نے بتایا کہ جج اوڈرکرک  نے حقائق کی بنیاد پر مئی میں بچوں کی تحویل کا فیصلہ سنایا تھا اور وہ تبدیل نہیں ہوگا۔

عدالتی فیصلے پر انجلینا جولی کی جانب سے  کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے تاہم مئی میں آنے والے عدالتئ فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ ان کو اور ان کے بچوں کو “منصفانہ مقدمے کی سماعت  کا موقع نہیں دیا گیا”۔

جولی اور پٹ نے 2018 میں اعلان کیا تھا کہ بچوں کی تحویل اورکفالت سے متعلق ان کے درمیان تصفیہ ہوگیا ہے۔ تاہم بعد میں سابقہ جوڑے نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

انجلینا جولی کی خواہش ہے کہ تمام بچے ان کے حوالے کردیے جائیں جبکہ بریڈپٹ کا مطالبہ ہے کہ بچوں کی پرورش مشترکہ طور پر ہونی چاہیے
دونوں کی جانب سے گود لیے بچے غریب اور افریقی ممالک سے تعلق رکھتے ہیں۔

ہالی ووڈ اسٹارز نے 2004 میں ایکشن فلم مسٹر اور مسز اسمتھ کے سیٹ پر ملاقات کی تھی۔ 10 سال تک ساتھ رہنے کے بعد دونوں نے 2014 میں شادی  کی تھی۔ لیکن شادی کے دو سال بعد ستمبر 2016 اس جوڑے نے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔

جولی کی جانب سے طلاق کی درخواست دائر کرنے سے قبل بریڈ پٹ کے خلاف بچوں سے ممکنہ بدسلوکی کی تحقیقات کی گئی تھیں تاہم بعد میں انھیں ان الزامات سے بری کردیا گیا تھا۔

اداکار بلی باب تھورنٹن اور جونی لی ملر کے بعد جولی کی بریڈ پٹ سے یہ تیسری شادی تھی جبکہ بریڈ پٹ کی فرینڈ اسٹار جینیفر اینسٹن سے علیحدگی کے بعد یہ دوسری شادی تھی۔


متعلقہ خبریں