سوات: قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ فاٹا انضمام پر پیپلزپارٹی کا موقف واضح ہے، صرف دو جماعتیں اس کی مخالف ہیں۔
سیدو شریف میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ ہم بروقت انتخابات کے حامی ہیں، انتخابات کسی صورت ملتوی نہیں ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت عظمیٰ مانگی نہیں جاتی، ووٹوں سے ملتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خاطر پشتونوں کی بڑی قربانیاں ہیں، خیبر پختونخوا میں ملنے والی محبت بھٹو شہید کی مرہون منت ہے، مستحکم پاکستان کے لئے سندھی، بلوچی، پٹھان اور پنجابی اتحاد ناگزیر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاست عوامی مسائل کے حل کا نام ہے لیکن پاکستان کی سیاست تہذیب سے ہٹ کر گالم گلوچ اور ذاتی بنیاد پر ہے۔
خورشید شاہ نے کہا کہ نوازشریف کی جانب سے پانچ ارب ڈالرز کی بھارت منتقلی سنگین معاملہ ہے۔