غزہ: فلسطین میں حماس اور اسرائیلی فوج کے درمیان ہونے والی گھمسان کی لڑائی کے نتیجے میں شہدا کی تعداد 126 ہو گئی ہے جب کہ 830 فلسطینیوں کو زخمی حالت میں اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔ شہدا میں 31 سے زائد بچے اور 19 خواتین بھی شامل ہیں۔
اسرائیل نے فلسطین پر زمینی آپریشن شروع کر دیا
عرب ذرائع ابلاغ کےمطابق زخمیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث اسپتالوں میں مزید زخمیوں کو داخل کرنے کی گنجائش ختم ہو گئی ہے جس کی وجہ سے ابتر صورتحال مزید گھمبیر ہو گئی ہے۔
ذرائع ابلاغ نے العربیہ اورالحدث ٹی وی چینلوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ جمعہ کے دن غزہ کی سرحد پر اسرائیلی فوج کی بڑی تعداد کو سرحد پر جاتے دیکھا گیا ہے۔
عالمی ذرائع ابلاغ کےمطابق اسرائیلی فوج نے جمعہ کے روز جنوبی غزہ میں خان یونس کے کئی مقامات پر بمباری کی ہے۔ اسرائیلی فوج نے بندرگاہ کے قریب پولیس کے ہیڈا کوارٹر کو بھی نشانہ بنایا ہے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق سرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں الشجاعیہ کے مقام پر حماس کے ایک گروپ کو بھی نشانہ بنایا ہے۔
العربیہ کے مطابق غزہ کی پٹی میں اسپتال زخمیوں سے بھر گئے ہیں اور ان کے پاس مزید زخمیوں کےعلاج کے لیے گنجائش ختم ہو گئی ہے۔
غزہ میں اسرائیلی جارحیت: سلامتی کونسل کا اجلاس امریکہ کی مخالفت پر ملتوی
عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق غزہ کی پٹی سے فلسطینی مزاحمت کاروںنے یہودی کالونیوں پر بھی متعدد راکٹ داغے ہیں۔
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق غزہ کی شمالی سرحد پر اسرائیلی فوج نے بھاری توپ خانہ اور ٹینک منتقل کردیے ہیں جس کے بعد کسی بھی وقت بڑی کارروائی شروع ہوسکتی ہے۔
اسرائیل کے عبرانی ٹی وی چینل 12 کے مطابق اسرائیلی فوج کے ایک عہدیدار نے بتایا ہے کہ تازہ بمباری میں حماس کے 20 سرکردہ رہنمائوں کو قتل کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ غزہ کی پٹی میں میزائل سازی کے بیشتر نیٹ ورک اور سرنگیں تباہ کردی گئی ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق حماس کے القسام بریگیڈ نے صحرائے نقب میں اسرائیل کے ایک کیمیائی کار خانے پر خود کش ڈرون طیاروں سے حملہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے تاہم اسرائیل نے کہا ہے کہ اس نے حماس کے متعدد خود کش ڈرون مار گرائے ہیں۔
العربیہ کے مطابق گذشتہ شب حماس کی طرف سے اسرائیلی علاقوں پر 200 راکٹ داغے گئے ہیں۔
غزہ پر اسرائیل کے حملے جاری: 31 بچوں سمیت 113 فلسطینی شہید
اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ گذشتہ پیر سے اب تک غزہ کی پٹی سے 2 ہزار گولے یا راکٹ داغے گئے ہیں۔