راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل کی انکوائری مکمل ہونے کے بعد ڈپٹی کمشنر راولپنڈی محمدانوارالحق کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق ڈپٹی کمشنر جہلم بلال ہاشم کو ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر اٹک علی عنان کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرشہریارعارف کو ڈپٹی کمشنر اٹک کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔ شعیب علی اے ڈی سی آر ریونیو کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق اے ڈی سی جنرل راولپنڈی قاسم اعجاز کو اے ڈی سی آر ریونیو راولپنڈی کا اضافی چارج سونپا گیا ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ سال ستمبر میں راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کی منظوری دی تھی۔ منصوبے کی ابتدائی لاگت کا تخمیہ25ارب روپے لگایا گیا تھا۔
بعد ازاں نامعلوم وجوہات کی بنا پر وزیراعظم نے منصوبے کو رکوا دیا اور تحقیقات کی منظوری دی۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد گزشتہ رات حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کیا جس میں متعدد سرکاری اہلکاروں کو عہدوں سے ہٹانے کے متعلق بتایا گیا۔
ذرائع کے مطابق اصل منصوبہ تبدیل کر دیا گیا تھا جس سے لاگت میں اضافہ ہوا۔ عمران خان نے منصوبے کی لاگت بڑھنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انکوائری کی ہدایت کی تھی۔
باوثوق ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ انکوائری میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ رنگ روڈ کے اصل نقشے کو تبدیل کر کے اس میں مزید نئے راستے شامل کردئیے گئے۔