پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاہدوں پر دستخط


جدہ: پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط ہو گئے۔

وزیر اعظم عمران خان  3 روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیر اعظم عمران خان کا استقبال کیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر داخلہ شیخ رشید، گورنر خیبر پختونخوا اور گورنر سندھ بھی دورے پر وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔

اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات ہوئی۔  دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورتحال اور باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان 5 معاہدوں پر دستخط ہوئے۔

سعودی عرب پاکستان سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے قیام سے متعلق معاہدہ ہوا جبکہ سزا یافتہ مجرموں کے تبادلے سے متعلق معاہدے پر دستخط ہوئے۔

جرائم کے خلاف دونوں ممالک میں تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ ماحولیات کے شعبے میں تعاون اور توانائی منصوبوں کے حوالے سے فریم ورک معاہدے پر بھی معاہدے ہوئے۔

دونوں ممالک میں انسداد منشیات سے متعلق مفاہمتی یادداشت، ورکرز ریکروٹمنٹ کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت اور میڈیا کے شعبے میں تعاون کے حوالے سے بھی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

جاری کردہ سرکاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم نے دورہ سعودی عرب کی دعوت پر ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم اور سعودی ولی عہد کا تمام شعبوں میں دو طرفہ ‏تعلقات کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے رمضان کے خصوصی ایام میں مقامات مقدسہ میں جانے کا موقع ‏فراہم کرنے پر اظہار تشکر کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تاریخی تعلقات، مشترکہ اقدار، باہمی اعتماد کو وسعت دینے ‏کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے ‏مستقل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔


متعلقہ خبریں