لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہور میں صفائی کی خراب صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور شہر میں لاک ڈاؤن کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے جیل روڈ، گلبرگ، گارڈن ٹاؤن، ماڈل ٹاؤن میں لاک ڈاؤن کی صورتحال کا جائزہ لیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے مارکیٹوں اور بازاروں کی بندش کے لیے تعاون کرنے پر تاجر برادری سے اظہار تشکر کیا۔ وزیر اعلیٰ نے انتظامیہ، پولیس، فوج اور رینجرز کی کارکردگی کو سراہا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے صفائی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا اور صفائی کی خراب صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کیا جبکہ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے حکام کی سرزنش بھی کی۔
یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف نے الیکڑانک ووٹنگ مشین کے استعمال کی تجویز مسترد کر دی
وزیر اعلیٰ نے لاہور شہر میں صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کا حکم دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے حوالے سے شہریوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے۔ لاک ڈاؤن شہریوں کے تحفظ کے لیے ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا صورتحال کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور اگر شہری مزید پابندیوں سے بچنا چاہتے ہیں تو حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔ لاہورمیں صفائی کےانتظامات تسلی بخش نہیں انہیں بہتر بنانے کے لیے مؤثر انداز میں کام کیا جائے۔