بھارت: کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کر گئی

کورونا:دنیا میں کورونا سے 17 کروڑ 70 لاکھ سے زائد افراد متاثر

بھارت میں عالمی وبا کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

بھارت میں کورونا وبا کی دوسری لہر میں شدت خوفناک ہوتی جا رہی ہیں اورملک میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ایک بار پھر کورونا کے 3 لاکھ 60 ہزار نئے مریض سامنے آئے ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 3293 افراد کورونا سے ہلاک ہوئے ہیں۔ بھارت میں اب تک 1.79 کروڑ افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں۔ ملک میں کورونا سے مرنے والے لوگوں کی مجموعی تعداد بھی دو لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

انڈیا دنیا کا چوتھا ملک بن گیا ہے جس میں دو لاکھ سے زیادہ افراد کی کورونا کے باعث اموات ہوئی ہیں۔ امریکہ ، برازیل اور میکسیکو میں دو لاکھ سے زیادہ افراد کورونا کے باعث ہلاک ہوئے ہیں۔ لیکن یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ انڈیا میں ہونے والی اموات کی تعداد کے درست اعداد و شمار سامنے نہیں آرہے ہیں۔

مزید پڑھیں: بھارت میں کورونا سے ایک روز میں ریکارڈ اموات

بی بی سی کے مطابق میں بھارت میں کورونا وائرس کی دوسری لہر ہنگامی صورتحال اختیار کر چکی ہے اور ایک کروڑ 76 لاکھ متاثرین کے ساتھ یہ دنیا میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا نیا مرکز بنتا جا رہا ہے۔

بھارت میں مسلسل کئی روز سے یومیہ 3 لاکھ سے زیادہ نئے کیس رپورٹ ہورہے ہیں اور متعدد علاقوں میں لوگ اپنے عزیزوں کے لیے آکسیجن اور وینٹیلیٹر کا انتظام کرنے کی کوشش کرتے نظر آ رہے ہیں۔

بھارت کے دارالحکومت دہلی کے اسپتالوں کا عالم یہ ہے کہ ڈاکٹرز سوشل میڈیا پر آکسیجن کی فراہمی کی درخواست کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

دہلی کے متعدد بڑے اسپتالوں میں ایک طرف جہاں کورونا مریضوں کے داخلے میں بے پناہ اضافہ دیکھا گیا ہے وہیں آکسیجن کی شدید قلت کے باعث بہت سے لوگ جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

حکومت کا کہنا ہے کہ وہ آکسیجن کی دستیابی کے لیے اقدامات کر رہی ہے تاہم لوگوں کا کہنا ہے کہ مریضوں تک اس کی فراہمی کو یقینی بنانے میں ابھی بہت وقت لگے گا۔


متعلقہ خبریں