الیکشن میں امپائر کی انگلی نہیں عوام کا انگوٹھا چلے گا، نواز شریف


جہلم: سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ مجھے جیل بھیجنے کی کوشش کی جا رہی ہے حالانکہ مجھ پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں۔ میرے خلاف دن رات مقدمہ چل رہا ہے، آج نیب میں میری 62 ویں پیشی تھی۔  ثبوت تو دور کی بات، مجھ پرکوئی الزام بھی نہیں۔ مجھے صرف پاکستان کے عوام سے محبت کی سزا دی جا رہی ہے۔

جہلم میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ 70 سال سے پاکستان میں ووٹ کی عزت نہیں ہوئی لیکن ہم کسی کو ووٹ کی توہین کی اجازت نہیں دیں گے، الیکشن میں امپائر کی انگلی نہیں عوام کا انگوٹھا چلے گا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان بے اصول آدمی ہیں اور عوام کو دھوکا دے رہے ہیں، پہلے لاہور کی میٹروکو جنگلا بس کہتے رہے اور اب خود پشاور میں میٹروبس بنا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پشاور اور کراچی کا ایک جیسا حال ہے، دونوں شہروں کی سڑکیں ٹوٹی پھوٹی ہیں، مجھے خیبرپختونخوا میں نیا پاکستان نظرنہیں آیا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارا مقابلہ عمران خان اور زرداری سے نہیں کیونکہ  عمران خان، نوازشریف کے شیروں کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی چور دروازے سے ایوان اقتدار میں انٹری روکیں گے، انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ 2018 کا الیکشن ریفرنڈم ثابت ہوگا۔


متعلقہ خبریں