روسی وزیر خارجہ دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے


روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ وہ اس سے قبل 2012 میں پاکستان کے دورے پر آئے تھے۔

اسلام آباد پہنچنے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ان کا استقبال کیا۔

سرگئی لاروف وزیراعظم عمران خان، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ ملاقاتوں میں باہمی تعلقات کے فروغ، علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق روسی وزیر خارجہ اپنے ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ملاقات اور دفتر خارجہ میں وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے۔ روسی وزیر خارجہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کریں گے۔

شاہ محمود قریشی اور روسی وزیر خارجہ باہمی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ روسی وزیر خارجہ کا دورہ  دو طرفہ تعلقات کے فروغ کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ روسی وزیرخارجہ کا یہ دورہ دو طرفہ تعلقات کی طرف نیا رخ ثابت ہوگا۔ پاکستان اور روس کے دو طرفہ تعلقات میں بہتری آ رہی ہے۔

پاکستان اور روس ایک دوسرے کے ساتھ خطے میں تعاون کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ہم نارتھ ساؤتھ گیس پائپ لائن منصوبے کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔

روسی وزیر خارجہ سے دو طرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ سےمتعلق بات ہو گی۔ پاکستان اور روس مل کر افغان امن عمل میں کردار ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا 18مارچ کوماسکو میں سہ فریقی اجلاس میں پاکستان نے شرکت کی۔ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف بھارت سے ہو کراسلام آباد آ رہے ہیں۔

بھارت کے ساتھ روس کے دیرینہ تعلقات ہیں، روس بھارت کو افغانستان میں مثبت کردار ادا کرنے پر آمادہ کر سکتا ہے۔


متعلقہ خبریں