ورلڈ ٹیبل ٹینس چیمپین شپ ، شمالی اور جنوبی کوریا کی مشترکہ ٹیم


اسٹاک ہوم: جنوبی اورشمالی کوریا نے ورلڈ ٹیبل ٹینس چیمپین شپ میں اپنی خواتین ٹیموں کو اکٹھا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انٹرنیشنل ٹیبل ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ٹی ایف) کے مطابق سویڈن میں موجود دونوں ممالک کی ویمن ٹیموں نے جمعرات کو کوارٹر فائنل میں ایک دوسرے کے خلاف کھیلنے سے انکار کر دیا اور جمعہ کو ہونے والے سیمی فائنل میں مشترکہ ٹیم کی حیثیت سے کھیلنے کی درخواست دے دی۔ اس مشترکہ ٹیم کا اگلا میچ جاپان یا یوکرین کے خلاف ہو گا۔

آئی ٹی ٹی ایف کے صدر تھامس ویکرت نے بتایا کہ اس تاریخی اقدام پر کوریائی ٹیموں کو شرکا کی جانب سے  بھرپور خراج تحسین پیش کیا گیا۔

جنوبی کوریا کی ٹیم کا کہنا ہے کہ ٹیبل ٹینس کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان امن کے فروغ کے لئے یہ ایک اہم پیغام ہے۔

1950 کی کوریائی جنگ کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات کشیدگی کا شکار ہو گئے تھے۔ برسوں سے جمی ہوئی برف اس وقت پگھلنا شروع ہوئی جب شمالی اور جنوبی کوریا نے حکومتی سطح پر کشیدگی میں کمی پر رضامندی ظاہر کی تھی۔ امریکہ نے اس پیش رفت کا خیرمقدم کیا تھا۔

تجزیہ نگاروں کے مطابق شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان امریکہ کی جانب سے متوقع حملے کے خطرے کے پیش نظر دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری کے لیے کوشاں ہیں۔


متعلقہ خبریں