مہاتیر محمد کی سیاست میں واپسی نے وزیراعظم کی مشکلات بڑھادیں


کوالالمپور: ملائیشیا میں 92 سالہ مہاتیر محمد نے سیاست میں واپسی کا اعلان کرکے وزیراعظم کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔ 22 سال تک ملک پر حکمرانی کے بعد 2003 میں انہوں نے اپنے عہدے سے دستبرداری اختیار کی تھی۔

مرد آہن کی شناخت رکھنے والے مہاتیر محمد عملاً اپوزیشن کی قیادت کرنے سیاسی میدان میں اترے ہیں۔ ان کی موجودگی کرپشن کے الزامات میں گھرے وزیراعظم نجیب رزاق کے لیے مشکلات کا سبب ہے۔

ملائیشیا کو ترقی کے راستے پر ڈالنے اور جدید معیشت سے روشناس کرانے والے مہاتیر محمد نے حالات کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے سخت گیر اقدامات بھی اٹھائے تھے۔

سیا ست سے ازخود ریٹائرمنٹ لے کرعلیحدگی اختیار کرنے والے مہاتیر محمد 15 سال بعد اپنی واپسی کے متعلق کہتے ہیں کہ ’’ نجیب رزاق کو باہر کرنے اور اپنی غلطیوں کا ازالہ کرنے کے لیے سیاست میں واپس آیا ہوں‘‘۔

1992 سے 2003 تک ملائیشیا کے وزیراعظم رہنے والے مہاتیرمحمد سال رواں کے اگست میں منعقد ہونے والے عام انتخابات میں اپوزیشن کی قیادت کرتے ہوئے وزیراعظم کے مدمقابل ہوں گے۔

آئینی طور پر وزیراعظم نجیب رزاق مجاز ہیں کہ انتخاب کے وقت میں چند ماہ کا اضافہ کردیں۔

جدید ملائیشیا کے معمار کہلانے والے مہاتیر محمد نے اپنی زندگی میں ایک فلم’کیسول‘ میں بھی کردار ادا کیاہے۔سائنس فکشن فلم میں ہدایتکار کی ہدایت پر کیمرے کے سامنے جب وہ ڈائیلاگ ادا کررہے تھے اس وقت ان کی عمر90 سال تھی۔


متعلقہ خبریں