ن لیگی ارکان کا استعفیٰ: وزیراعظم اور اسپیکر کا معاملہ جلد نمٹانے پر اتفاق

حکومت کا اپوزیشن کے استعفوں پر جارحانہ حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اپوزیشن کے استعفوں پر جارحانہ حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو اسپیکر قومی اسمبلیاسد قیصر نے اپوزیشن کے استعفوں سے متعلق بریف کیا۔ اسپیکر نے وزیراعظم کو بتایا کہ پانچ روز گزرنے کے باوجود دو ن لیگی ارکان نے اسمبلی سیکریٹریٹ سے رابطہ نہیں کیا۔ مزید دو روز بعد دونوں ارکان کے استعفے منظور کرلیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق  وزیراعظم عمران خان نے اسپیکر قومی اسمبلی سے کہا کہ آپ کو مکمل اختیار ہے کہ آئینی ذمہ داریوں سے متعلق فیصلہ کریں۔ اسد قیصر نے کہا، کسی قسم کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے۔ 

ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور اسپیکر اسد قیصر کی ملاقات میں معاملہ جلد نمٹانے پر اتفاق کیا گیا۔

مزید پڑھیں: عمران خان نے 31 جنوری تک  استعفیٰ نہیں دیا تو لانگ مارچ ہو گا، بلاول

خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ نواز کے 2 ارکان قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی اور محمد سجاد کو ان کے استعفوں کی منظوری کے لیے طلب کرلیا گیا ہے۔

اس حوالے سے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے مراسلہ جاری کردیا ہے۔

جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ممبران اپنے استعفوں کی تصدیق کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیش ہوں۔اسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیش ہونے سے قبل دونوں ارکان سیکریٹریٹ کو بھی اپنی پیشی کی تاریخ سے آگاہ کریں۔

مراسلے کے مطابق جواب نہ دینے پر استعفے منظور تصور کیے جائیں گے۔ دونوں ن لیگی ارکان قومی اسمبلی نے 14 دسمبر کو اپنے سرکاری لیٹر پیڈ پر استعفے اسپیکر کو بھجوائے تھے۔


متعلقہ خبریں