ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کی جانب سے لاہورمیں میچ کھیلنے کی پیشکش موصول ہونے کی تصدیق کر دی۔
نیوزی لینڈ کرکٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )کے چئیرمین کی جانب سے پاکستان میں کھیلنے کی درخواست آئی ہے جس پر سوچ بچار کی جا رہی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ سیکورٹی اداروں ، حکومت اور کھلاڑیوں سے مشورہ کیا جا رہا ہے جس کے بعد پی سی بی کو جواب دیا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کو ٹی ٹونٹی میچز پاکستان میں کھیلنے کی پیشکش کی ہوئی ہے۔ رواں سال نومبر میں پاکستان نے متحدہ عرب امارات کے گراؤنڈز پرنیوزی لینڈ کی میزبانی کرنی ہے۔
نیوزی لینڈ نے 2003 سے اب تک پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلا،اگرپی سی بی کی پیشکش قبول کرلی گئی تو کیویزکرکٹ ٹیم 15 سال بعد پاکستان کی سر زمین پر میچ کھیلے گی۔
2009 میں پاکستان آئی ہوئی سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد انٹرنیشنل ٹیموں نے پاکستان آ کر کڑکٹ کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔ حملے کے نتیجے میں چھ سری لنکن کھلاڑی زخمی اورآٹھ پاکستانی جاں بحق ہوئے تھے۔
مئی 2015 میں زمبابوے کرکٹ ٹیم نے سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ دونوں ممالک کی ٹیموں نے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں تین ایک روزہ اوردو ٹی ٹوینٹی میچز کھیلے تھے۔
گزشتہ ماہ ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم بھی تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلنے پاکستان آئی تھی۔ کیریبئین ٹیم نے تینوں میچز کراچی کے نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے۔
پاکستان سپر لیگ کے دوسرے اور تیسرے ایڈیشنز کے فائنل مقابلے بھی پاکستان میں منعقد ہوئے تھے جن میں غیرملکی کھلاڑی بھی شریک تھے۔