ہمارا راستہ روکا گیا تو ہم نیا راستہ بنا لیں گے، مولانا فضل الرحمان


اسلام آباد: پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ہمارا راستہ روکا گیا تو ہم نیا راستہ بنا لیں گے.

پی ڈی ایم اجلاس کے بعد چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، پاکستان مسلم لیگ نواز کی صدر مریم نواز اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ فیصلے تو گزشتہ روز ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج ایک غیر رسمی میٹنگ تھی۔ لاہورمیں جلسہ ہوکر رہے گا۔ 13 دسمبرلاہورکا تاریخی دن ہوگا۔ حکومت عوامی سیلاب کو روک نہیں پائے گی۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پنجاب حکومت جلسہ گاہ کو ڈیم بنا رہی ہے۔ جلسہ بھی نہیں روکتے اور اجازت بھی نہیں دے رہے۔ مینار پاکستان جلسہ ہر حال میں ہوکر رہے گا۔

سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آمریت کے مہرے نے جمہوریت کو دفن کردیا ہے،آج ملک میں جمہوریت نہیں۔ موجودہ حکومت کو آئینی اور جمہوری نہیں مانتے۔ آج ملک میں جمہوریت نہیں ہے۔ ہم عوام کی نمائندہ حکومت کی بات کرتے ہیں۔ موجودہ حکومت کو آئینی اور جمہوری حکومت نہیں سمجھتے۔

مزید پڑھیں: پی ڈی ایم قیادت کی بیٹھک: مولانا فضل الرحمان پیپلز پارٹی کے تحفظات دور کرنے میں ناکام

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آج پی ڈی ایم اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں جلسے اور ریلیوں کا شیڈول طے کریں گے۔ تمام مراحل میں استعفوں کا تذکرہ ہوتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ الیکٹورل کالج ٹوٹنے کے بعد سینیٹ انتخابات کے مستقبل کے لیے آئینی ماہرین سے مشاورت کریں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہر آمرانہ دور میں مقابلہ کیا ہے۔ پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتیں ایک پیج اور ایک اسٹیج پر ہیں۔ ہم سارے پارلیمانی اور جمہوری آپشن استعمال کریں گے۔

بلاول  نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سیاست سڑکوں پر ہی شروع ہوئی تھی۔ ہم سب عمران خان کو گھر بھیجنے کیلئے نکلے ہیں۔ ہم سب ایک پیج اور ایک اسٹیج پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو گھر بھیجنے کے لیے عوام ہمارے ساتھ ہیں۔ پیپلزپارٹی کا فیصلہ ہی اعتزاز احسن کا فیصلہ ہوگا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جلسے کا مقام تبدیل نہیں کریں گے۔ جلسہ مینار پاکستان پر ہی ہوگا۔


متعلقہ خبریں