کورونا سے ایک دن میں 89 اموات ہوئیں، اپوزیشن بے حسی کا مظاہرہ کر رہی ہے، شبلی فراز


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن موجودہ صورتحال میں بے حسی اور غیرذمہ داری کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے۔ دوسری لہر زیادہ شدت اختیار کررہی ہے۔

وزیراطلاعات  نے کہا کہ ایک دن میں کورونا سے 89 اموات ہوئیں۔ اسپتالوں پر بھی دباوَ بڑھ رہا ہے،ایس اوپیز پرعملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔ ریسٹورنٹس ،شادی ہالز اور عوامی اجتماع پرپابندی لگائی گئی ہے۔ صوبوں کو آکسیجن سلنڈرز کا ذخیرہ رکھنےکی ہدایت کی گئی ہے

شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن احتجاج میں عوام کے لیے کچھ نہیں، ذاتی مفاد کی لڑائی ہے۔ ہم ملک کو بوسیدہ نظام سے چھٹکارا دلاناچاہتے ہیں۔ اپوزیشن والے ہوتے کون ہیں جو کہیں کہ یہ حکومت ختم ہوجائے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نہیں چاہتی کہ ایک ایسا ملک ہو جس میں اداروں کا تقدس ہو۔ اپوزیشن کے ادوار میں سفارش، رشوت کی بنیاد پر نوکریاں دی گئیں۔ لائق اور اہل لوگ بیرون ممالک چلے گئے۔

شبلی فراز نے کہا کہ اس وقت ہم حکومت کو نہیں ملک کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اپوزیشن کا عوام کے لیے کوئی ایجنڈا نہیں۔ ان کو 2 سال بعد انتخابی دھاندلی کا یاد آیا۔ عدالت سے بھاگے ہوئے شخص کی صاحبزادی ہمیں لیکچر دے رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے اسلام کے لیے آج تک کیا کیا؟ مولانا کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رہے، انہوں نے کشمیر کے لیے کیا کیا؟ وزیراعظم نے کشمیر ایشو اور اسلاموفوبیا کا معاملہ عالمی فورم پراٹھایا۔

مزید پڑھین: اپوزیشن نے استعفے دیئے تو ضمنی الیکشن کرا دیں گے، وزیراعظم

وزیراطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن جو کچھ کررہی ہے، وہ ملکی مفاد میں نہیں۔ اپوزیشن نے ماضی میں ہر وہ کام کیا جس سے ملک پیچھے جاسکے۔

شبلی فراز نے کہا کہ آٹے اور چینی کی قیمتوں میں کمی آرہی ہے۔ تعمیراتی شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ سیمنٹ اور سریا کی فروخت میں اضافہ ہوا ہے۔ کل افغان صدرنےپاکستان کے کردار کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جمہوری حکومت کو ہٹانے کے لیے ہرغیر جمہوری اقدام اٹھانے کے لیے تیار ہے۔ اپوزیشن چیزوں کو اپنی مرضی کے مطابق دیکھنا چاہتی ہے۔جلسے جلوسوں سے حکومتیں نہیں جایا کرتیں، یہ صرف این آر او لینا چاہتے ہیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ عمران خان کرپشن کرتے ہیں نہ کسی کو کرنے دیتے ہیں۔ اپوزیشن ذاتی مفاد کے لیےعوام کو استعمال کرنا چاہتی ہے۔ کورونا ختم ہونے کے بعد جو کرنا چاہیں کریں، لیکن اب لوگوں کی زندگیوں سے نہ کھیلیں۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کل سیالکوٹ کا دورہ کریں گے۔ وزیراعظم 17 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کل ایئر سیال کا افتتاح کریں گے۔ پینے کے صاف پانی سے متعلق دیگر منصوبوں کا افتتاح ہوگا۔ پہلےمرحلے میں 4 لاکھ شہریوں کو پینے کا صاف پانی مہیا کیا جائے گا۔

عثمان ڈار نے کہا کہ کلین گرین کے تحت سیالکوٹ میں 5 نئے پارکس بننے جارہے ہیں۔ کامیاب جوان پروگرام کے تحت جوانوں میں 2 ارب روپے تقسیم کرچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگی رہنما خواجہ آصف میں اگر اخلاقی جرات ہے تو استعفیٰ دیں اور مقابلہ کریں۔ مریم نواز پہلے کونسلر کا الیکشن لڑلیں، پھر منتخب لوگوں سے استعفے مانگیں۔


متعلقہ خبریں