لاہور: انتظامیہ کا پی ڈی ایم کو گریٹر اقبال پارک میں جلسے کی اجازت دینے سے انکار


لاہور: لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کو گریٹر اقبال پارک میں جلسے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ نواز کے پانچ رکنی وفد نے ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض سے ملاقات کی۔ لیگی رہنماؤں نے ڈی سی لاہور سے 13 دسمبر کو ہونے والے گریتر اقبال پارک میں پی ڈی ایم جلسے کیلئے اجازت طلب کی۔

ضلعی انتظامیہ نے مسلم لیگ نون کی گریٹر اقبال پارک میں جلسہ کی درخواست مسترد کر دی۔ ڈی سی لاہور نے جلسے کی اجازت دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اجازت دینےیا نہ دینے کا فیصلہ حکومت کرے گی۔

دپٹی کمشنر لاہور نے کہا کہ گذشتہ حکومت میں بھی گریٹر اقبال پارک میں جلسہ کرنے کی اجازت نہیں تھی۔ حکومت ایس او پیز طے کرتی ہے، انتظامیہ کا کام ان ایس او پیز پر عملدرآمد کرانا ہے۔ حکومت کی جانب سے جو بھی فیصلہ کیا جائے گا، اس پر عمل کریں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ملتان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ 13 دسمبر کو لاہور میں ٹاکرا ہوگا۔ لاہور کا جلسہ ان کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا، لاہور سے ان کا جنازہ نکلے گا اور اسلام آباد تک ان کا پیچھا کریں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ ہم نے ڈکٹیٹروں کا براہ راست مقابلہ کیا ہے تو آپ کیا چیز ہیں۔ ہم نے آپ کو سیاست سے لاتعلق کردیا ہے۔ آپ دھاندلی کے ذریعے آئے ہیں، پہلے دن سے آپ کو تسلیم نہیں کیا۔

مزید پڑھیں: کوویڈ 19 سے پہلے کوویڈ 18 کو گھر بھیجنا ضروری ہے، مریم نواز

انہوں نے کہا تھا کہ آپ کے دور میں لوگ بےروزگاری کی وجہ سےخود کشی کرنے پر مجبور ہیں۔ اگر ہم جلسے نہیں کریں گے تو بھوکوں اور بےروزگار نوجوانوں کی آواز کون بنے گا؟

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آپ نے کشمیر کو مودی کے حوالے کردیا۔ اب فلسطین کو اسرائیل کے حوالے کرنے کی بات کر رہے ہو۔ پہلے آپ کشمیر فروش تھے،اب آپ فلسطین کو بیچنا چاہتے ہیں۔ آپ نے مودی کےاقتدار کے لیےدعائیں کی تھیں۔


متعلقہ خبریں