وزیراعظم کی احساس کفالت پروگرام کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت

وزیراعظم کی احساس کفالت پروگرام کے دائرہ کار میں توسیع کی ہدایت

فائل فوٹو


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے احساس کفالت پروگرام کے دائرہ کار میں توسیع کر کے منصوبے کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کردی ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت احساس کفالت پروگرام کی تیاری سے متعلق اجلاس میں  پروگرام سے مستفید ہونیوالوں کی تعداد میں اضافہ کرنے کی منظوری دے دی گئی۔پروگرام سے مستفید ہونیوالوں کی تعداد 46 لاکھ سے 70 لاکھ کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے اجلاس کو بتایا کہ کورونا وبا کی وجہ سے غریب طبقے کی مشکلات میں اضافہ ہوا۔ دنیا بھر کے ممالک نے عوامی فلاح کیلئےمعاشی پیکج دیے۔ اقوام عالم کی جانب سے پاکستان کے اقدامات کو سراہا جارہا ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی توجہ معاشی بہتری پر مرکوز ہے۔ شہریوں کی حفاظت اور معاشی سرگرمیوں میں استحکام ضروری ہے۔کورونا سے پیدا ہونے والے حالات کا سب سے زیادہ بوجھ غریبوں پر پڑ رہا ہے۔ احساس کفالت پروگرام کے دائرہ کار میں توسیع کی جائے۔

مزید پڑھیں: ملکی معیشت مستحکم ہو گئی ہے، وزیراعظم

خیال رہے کہ جنوری میں  اسلام آباد میں احساس کفالت پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ ملک میں ایسا نظام چاہتے ہیں جس میں نچلے طبقے کو شفاف طریقے سے پیسہ ملے، جس کے لیے احساس کفالت پروگرام لیکر آئیں ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ احساس کفالت پروگرام کا مقصد کمزور طبقے کو اوپر اٹھانا ہے۔ بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کا پیسہ چوری ہورہاتھا۔ بینظیرانکم سپورٹ پروگرام سے 8 لاکھ افراد کو نکالنا احسن اقدام ہے۔ بی آئی ایس پی پروگرام میں افسران بھی پیسے لے رہے تھے۔

وزیراعظم نے کہا تھا کہ 200 ارب روپے احساس کفالت پروگرام میں رکھے گئے ہیں۔ کمزور طبقے کا بینک اکاؤنٹ کھلنا زبردست کام ہے۔ دکھی انسانیت کی مدد کرنا اللہ کےقریب پسندیدہ عمل ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ہماری کوشش تھی عوام کی سہولت کے لیے جلد سے جلد پروگرام لائیں۔ غریب طبقے کو دیانتداری سے پیسے پہنچنے چاہئیں۔ نئے سسٹم کے تحت پروگرام کا پیسہ چوری نہیں ہوگا۔


متعلقہ خبریں