نشے میں دھت امریکی سفارتکار نے دو پاکستانی نوجوان کچل ڈالے


اسلام آباد: پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں امریکی سفارت کار کی گاڑی کی ٹکر سے دو پاکستانی نوجوان شدید زخمی ہوگئے۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق سیکرٹریٹ چوک پر امریکی سفارت کار کی گاڑی نے نزاکت اعوان نامی نوجوان کی موٹرسائیکل کو عقب سے ٹکر ماری۔ حادثہ کے نتیجے موٹرسائیکل سوار دونوں نوجوان شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسپتال منتقل کیا گیا۔

امریکی سفارتکار کی گاڑی سفارتخانے کا سیکنڈ سیکرٹری چاڈ ریکس چلا رہا تھا۔ حادثے کے بعد چاڈ ریکس نے خود کو گاڑی میں بند کرکے باہر آنے سے انکار کردیا۔

حادثے میں زخمی ہونے والے نوجوانوں میں سے ایک نزاکت اعوان موتمر عالم اسلامی (ورلڈ مسلم کانگریس) میں ملازم ہے۔

پولیس کے مطابق گاڑی کو قبضے میں لے کر سیکنڈ سیکرٹری چاڈ ریکس کو تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کیا گیا ہے۔

ملتی جلتی خبر: امریکی سفارتکار کی گاڑی سے حادثہ، جاں بحق نوجوان کے والد نے عدالت سے رجوع کرلیا

ملزم کا بیان لینے کے بعد سامنے آنے والی غیر سرکاری اطلاع میں کہا گیا ہے کہ حادثے کے وقت امریکی سفارت کار نشے کی حالت میں تھا۔

افسوسناک حادثے کے فورا بعد امریکی سفارت خانے کے اہلکاروں نے تھانہ سیکرٹریٹ میں داخل ہو کر ملزم سے ملنا چاہا تاہم پولیس نے اس کی اجازت نہیں دی۔

اسلام آباد میں امریکی سفارت کار کی گاڑی کی ٹکر کا رواں ماہ دوسرا واقعہ ہے۔ سات اپریل کو پیش آنے والے حادثے میں عتیق بیگ نامی نوجوان جاں بحق اور اس کا کزن زخمی ہوگیا تھا۔

امریکی سفارتکار کی گاڑی نے مارگلہ روڈ پر سگنل توڑتے ہوئے موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی تھی۔ گاڑی امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف ایمانوئیل چلا رہا تھا جس کے خلاف تھانہ کوہسار میں مقدمہ درج ہے۔


متعلقہ خبریں