اپوزیشن پروپیگنڈا کر رہی ہے کسی کو گرفتار نہیں کیا، وزیر قانون پنجاب

راجہ بشارت

زیر گردش ویڈیو پر راجہ بشارت نے خاموشی توڑ دی


لاہور: وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے کہا ہے کہ کسی کو گرفتار نہیں کیا، اپوزیشن کی جانب سے پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات میں وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ اجتماع کی اجازت دے کر جمہوری ذمہ داری پوری کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سزا یافتہ شخص تقریر کرکے ملک کی تقدیر بدلنے کی بات کر رہا ہے،راجہ بشارت

ملاقات میں امن عامہ کی صورتحال اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اقدامات پر گفتگو بھی کی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ملاقات کے دوران صوبہ بھر میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ جو قانون ہاتھ میں لے گا اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پنجاب میں قانون کی پاسداری کو ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے۔ خلاف قانون سرگرمیوں پر قانون حرکت میں آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو قانون کے دائرے کے اندر رہتے ہوئے اجتماع کا حق ہے۔

دوسری جانب گوجرانوالہ میں سیاسی پارہ ہائی ہے اور پی ڈی ایم کے جلسے کی تیاریاں عروج پر ہیں۔

پینا فلیکسزبھی آویزاں ہیں اور80 فٹ  لمبا اور 24 فٹ چوڑا اسٹیج تیار کیا جا رہا ہے۔ ایس او پیز کے تحت  کرسیاں  چھ  فٹ کے فاصلے سے لگائی جائیں گی۔

کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں کیا تو انتظامیہ کارروائی کرے گی۔ جلسے کے دوران کورونا ایس او پیز پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔ بغیر ماسک اور سینیٹائزر کوئی کارکن جلسہ گاہ  نہیں جاسکے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ڈی ایم کو گوجرانوالہ میں جلسے کی مشروط اجازت مل گئی

پی ڈی ایم کا کوئی رہنما اسٹیڈیم کے علاوہ کسی جگہ تقریر نہیں کرے گا۔ پی ڈی ایم جی ٹی روڈ بند نہیں کرے گی۔ جلسے میں ملکی سلامتی کے اداروں اور خلاف آئین کوئی تقریر نہیں کی جائے گی۔

جلسہ دوپہر تین بجے شروع ہوگا اور رات بارہ بجے تک اسے ختم کرنا ہوگا۔ معاہدے کی خلاف ورزی پر جلسہ انتظامیہ کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔

پی ڈی ایم کی قیادت اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان 28 نکاتی معاہدہ طے پا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں