آئین اور قانون کی رہنمائی میں منتخب حکومت کی مدد جاری رکھیں گے، آرمی چیف


اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ آئین اور قانون کی رہنمائی میں منتخب حکومت کی مدد جاری رکھیں گے۔

پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آوَٹ پریڈ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آرمی چیف نے کہا کہ عوام، دستور، دستوری روایات اور عہد ِ وفا ہماری اصل مضبوطی اور طاقت ہے۔ آئین اور قومی مفادات تمام معاملات میں ہمارے رہنما ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ دُشمن جو ہماری تباہی کا منصوبہ بنائے بیٹھے تھے، مایوسی سے ہماری کامیابیوں کو دیکھ رہے ہیں۔ ہمارے دُشمن اپنے عزائم میں ناکام ہو نے کے بعد دل شکستہ ہیں۔ پاکستان کوہائبرڈ وار کا سا منا ہے۔ ہائبرڈ وار کا ہدف عوام، میدانِ جنگ اور انسانی ذہن ہیں۔ ہر سطح پر قومی قیادت ہائبرڈ وار کا ہدف ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ہم نے ہر محاذ پر بحیثیت قوم اپنی قابلیت اور اہلیت کو کارکردگی سے ثابت کیا۔ پاکستا ن آرمی کو تمام قومی کوششوں میں شامل ہونے پر فخر ہے۔ قوم نے ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا، بالخصوص جب ہم دُشمنوں کے خلاف جنگ لڑ رہے تھے۔ میری دُعا ہے کہ پاکستان ایک خوشحال، مستحکم اور متعین مقام پر پہنچے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ آج پاکستان دفاعی حوالے سے ایک مضبوط پاکستان ہے۔ ہائبرڈ وار کا مقصد اِس اُمید کی فضا کو ٹھیس پہنچانا ہے کہ پاکستان میں کچھ اچھا نہیں ہوسکتا۔
میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ یہاں سب کچھ اچھا ہو گا۔

آرمی چیف نے کہا کہ ہمارے دشمن اپنے عزائم میں ناکام ہونے کے بعد دل شکستہ ہیں۔   پاکستان کو ہائبرڈ وار کا سا منا ہے۔ تنقید اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم درست سِمت میں جا رہے ہیں۔

 آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان آرمی نے دہشت گردی اور 5 گنا بڑے دشمن کو ہزیمت سے دوچار کیا۔ پاکستان آرمی ہماری قابلِ فخر قوم کی خوبصورت اور حقیقی عکاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ  پاکستا ن میں کوئی بھی کسی اور کے کیے کے لیے جوابدہ نہیں۔ ہم قوم کے سامنے ایک قابلِ اعتماد اور جوابدہ ادارہ کے طور پر حاضر رہتے ہیں۔ قوم کو ہماری ضرورت پڑی، ہم نے بہترین نتائج کے لیے اپنا آپ پیش کر دیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ قوم نے ہمیشہ چیلنجز کو کامیابیوں میں تبدیل کیا ہے اور اب بھی کریں گے۔ ہائبرڈ وار کو مثبت تنقید سے نہ ملائیں۔ جہا ں تعمیری اصلاح کی ضرورت ہو، اُس کا ضرور جائزہ لیں۔ بحیثیت قوم ہمیں حالات کا ادراک ہے اور ہم درست سِمت جا رہے ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ قوم کا افواج پر اعتماد اُن قربانیوں کا ثمر ہے جو غازیوں اور شہدا نے لہو سے رقم کی۔ نظم و ضبط، فرائض کی بجاآوری اور غیر جانب داری آپ کا ہدف ہونا چاہیے۔ سپاہ گری مشکل راستہ ہے،جس پر چلنا آسان نہیں۔ ہم نے امن کےلیے بھاری قیمت ادا کی ہے اورلہو سے اسکی حفاظت یقینی بنائیں گے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان کو جنگ، دہشت گردی اور معاشی شکنجے کا سامنا کرنا پڑا۔ دُنیا کے بہت سے ممالک اِن مشکلات کا سامنا نہ کر سکے اور بکھر گئے۔ پاکستان نے ان تمام سازشوں اور مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ اب وقت ہے کہ متحد ہو کر پاکستان کو خوشحالی اور ترقی کی راہ پر گامزن کریں۔

آرمی چیف نے پاس آؤٹ کرنے والے کیڈٹس کو مبارکباد بھی دی۔


متعلقہ خبریں