نواز شریف کیخلاف بغاوت کا مقدمہ، جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل

فوٹو: فائل


لاہور: سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن قائد نواز شریف سمیت دیگر ن لیگی رہنماؤں کے خلاف غداری کے مقدمات کی تفتیش کے لیے جوائنٹ انوسیٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے آئی جی پنجاب پولیس انعام غنی کے حکم پر چار افسران پر مشتمل ٹیم تشکیل دی۔

یہ بھی پڑھیں: نیب کی نواز شریف کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ منسوخ کرنے کی سفارش

ہم نیوز کے ذرائع کے مطابق جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کے سربراہ ایس پی سی آئی اے عاصم افتخار ہوں گے جب کہ دیگر اراکین میں ڈی ایس  پی محمد غیاث، انسپکٹر طارق الیاس کیانی اور انچارج انویسٹی گیشن شاہدرہ شبیر اعوان شامل ہیں۔

مستند ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ ایف آئی آر میں نامزد ملزمان کو شامل تفتیش بھی کیا جائے گا، ن لیگی رہنماؤں  کے خلاف بغاوت کے مقدمہ میں تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی۔

چند روز قبل سابق وزیر اعظم نواز شریف کے ترجمان محمد زبیر نے کہا تھا کہ ہمیں بغاوت کے مقدمے میں گرفتار کریں یا پھر مقدمہ خارج کریں۔

سابق وزیر اعظم کے خلاف غداری کے مقدمے میں نواز شریف کے ترجمان محمد زبیر اور دیگر گرفتاری دینے تھانے پہنچ گئے تاہم تھانہ ایس ایچ او موجود نہیں تھے۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف مفرور، اشتہاری اور عدالت سے سزا یافتہ مجرم ہے، شہزاد اکبر

تھانہ شاہدرہ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے نواز شریف کے ترجمان محمد زبیر نے  کہا کہ ہم پر غداری کے الزامات عائد کیے گئے ہیں جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے ٹی وی شو میں بھی ہم پر الزامات لگائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم تھانہ ایس ایچ او کو قصور وار نہیں ٹھہرا رہے بلکہ وزیر اعظم ذمہ دار ہیں۔ ہم گرفتاری دینے کے لیے تیار ہیں اور گرفتاری سے نہیں ڈرتے لیکن تھانہ ایس ایچ او غائب ہو گیا ہے۔


متعلقہ خبریں