گرفتاریوں سے جھکایا نہیں جاسکتا، نواز شریف


لندن: سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ نواز کے تاحیات قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ شہباز شریف کو گرفتار کر کے اس کٹھ پتلی نظام نے آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) قرارداد کی توثیق کردی ہے، گرفتاریوں سے جھکایا نہیں جاسکتا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں نوازشریف نے کہا کہ شہباز شریف نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ وہ جیل کے اندر ہوں یا باہر، اے پی سی کے فیصلوں پرعملدرآمد ہوگا۔

سابق وزیراعظم نوازشریف نت مزید کہا کہ کوئی اس غلط فہمی میں نہ رہےکہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے ہمیں جھکایا جاسکتا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ شہباز شریف کا قصور یہ ہے کہ انہوں نے اپنے بھائی کا ساتھ نہیں چھوڑا۔ انہوں ںے توقع ظاہر کی کہ عدالتوں سے ہمیں انصاف ملے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز، شہباز اور ہم سب ایک ہیں اور سب کی قیادت نواز شریف ہی کریں گے۔

مریم نوازنے کہا کہ  میرے خلاف ریفرنس دائر نہیں ہوا لیکن پہلے گرفتار کیا گیا۔ انہوں ںے واضح طور پر کہا کہ اے پی سی کے اعلامیے پر عمل درآمد ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نا تجربہ کار شخص کو قوم پر مسلط کردیا گیا ہے۔

انہوں ںے کہا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں جیتیں یا ہاریں لیکن ن لیگ حکومت کے لیے میدان خالی نہیں چھوڑے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف جس کو چاہیں گے، ذمہ داریاں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف لیڈ کریں گے اور ہم سب فالو کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی قیادت نواز شریف ہی کریں گے۔


متعلقہ خبریں