اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں اگلے تین سے چار سالوں میں مکمل الیکٹرک بسز چلیں گی۔
وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اور سی ڈی اے کے درمیان الیکٹرک بسوں کے حوالے سے معاہدہ طے پا گیا ہے۔
اس ضمن میں منعقد کی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ پہلے مرحلے پر تیس بسیں منگوا رہے ہیں، الیکٹرک بسز پر چالیس ہزار سے زائد مسافر سفر کر سکیں گے اور اس سے تیس ہزار ملین بیرل تیل کی بچت ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ الیکٹرک بسوں سے اکیاون کروڑ کا ڈیزل ایک سال میں بچایا جا سکے گا، 2030 تک ہماری چالیس فیصد ٹرانسپورٹ الیکٹرک پر چلی جائے گی۔
فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہمیں یہ ذہن میں رکھنا ہوگا ترقی کے ساتھ کیا کیا تبدیلیاں آئیں گی، ہمیں دیکھنا ہوگا ترقی کے ساتھ کون بیروزگار ہو گا اور کس کو فائدہ ہو گا۔
الیکٹرک کار کے اسلام آباد میں پہلے چارجنگ اسٹیشن کا آغاز
ان کا کہنا تھا کہ جتنی تیزی سے الیکٹرک بسز اور کاریں چلیں گی عام مکینک کا سروائیول مشکل ہوتا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے اگلے سال کے اندر اندر دو اور الیکٹرک بسز کمپنیز پاکستان آئیں گی۔
وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ ہم بہت جلد لڑکیوں کے لئے تھری ولر کاریں لانا چاہتے ہیں، یہ پبلک ٹرانسپورٹ میں ایک بڑا ریوولیوشن ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے بارے میں آج کا فیصلہ خوش آئند ہے، آج عدالت نے ٹرائل کورٹ کو فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے نواز شریف کی اپیل مسترد کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو اشتہاری قرار دینا بھی خوش آئیند ہے، میرے سمیت جو لوگ سمجھتے تھے نواز شریف فراڈ کر کے گئے ہمارے مؤقف کی تصدیق ہو گئی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف جلد ہی پاکستان میں ہوں گے اور اپنی باقی سزا پوری کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز کی کورونا رپورٹ میں تو کوئی فراڈ نہیں ہے، ان کا ٹیسٹ اگر پازٹیو آیا ہے تو اللہ ان کو صحت دے۔