لاہور: سابق وزیر اعظم نواز شریف کی نئی میڈیکل رپورٹس لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرادی گئی ہیں۔ ڈاکٹر نے نواز شریف کو بہترین علاج کے لیے لندن میں ہی قیام اور میڈیکل تھراپی جاری رکھنےکا مشورہ دیا ہے۔
نوازشریف کے وکیل امجد پرویز ایڈوکیٹ کے اسسٹنٹ نے چار صفحات پر مشتمل رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرائی ہے۔
رپورٹ کے مطابق کرونا کی وجہ سے نواز کئی مریضوں کے علاج میں خلل آیا ہے۔ نواز شریف کے دل کی شریانیں کھولنے کے لیے جلد ہی وقت مقرر کیا جائے گا۔ نواز شریف کے پلٹ لیٹس کا علاج ان کے دل کی بند شریانیں کھولنے کے پروسیجر کے بعد کیا جائے گا۔
لاہور ہائی کورٹ میں جمع میڈیکل رپورٹ کے مطابق نواز شریف کےعلاج میں تاخیر کورونا وبا کی وجہ سے ہوئی۔ کورونا کے دوران نوازشریف کو کسی قسم کے سفر سے منع کیا ہے اور وہ پہلے سے ہی ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔
نوازشریف کی صحت کو سخت خطرات لاحق ہیں اور وہ ہائیپر ٹینشن، امراض قلب سمیت دیگر بیماریوں میں مبتلا ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کا علاج لندن میں ہونا بہتر ہے کیوں کہ وہاں کے ڈاکٹرز ان کی میڈیکل ہسٹری سے آگاہ ہیں اور نوازشریف کو کسی عام مریض کی نسبت زیادہ توجہ کی ضرورت ہے۔