کراچی میں ایک اور عمارت گر گئی،2افراد جاں بحق، متعدد زخمی



کراچی کےعلاقہ لیاری میں دو منزلہ رہائشی عمارت گرنے سے2 افراد جاں بحق اور11 زخمی ہوگئے ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق ملبے سے دو افراد کی لاشوں اور11 زخمیوں کو نکال کر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے جن کو نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ عمارت گرنے کا واقعہ لیاری کے علاقے بہارکالونی میں پیش آیا۔ ایدھی اور چھیپا کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچی ہیں اور علاقہ مکینوں کے ساتھ مل کر ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ عمارت میں تین سے چار خاندان رہائش پذیر تھے۔ ریسکیو حکام نے ملبے تلے مزید افراد دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

بہار کالونی میں جہاں حادثہ پیش آیا وہاں سے تھوڑی ہی دور مزید مخدوش عمارتیں بھی موجود ہیں۔ لیاری کی سڑکیں اور گلیاں اس قدر تنگ ہیں کہ وہاں سے فائر بریگیڈ اور ایمبولینس کو گزرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سےلیاری میں 49 عمارتوں کو انتہائی مخدوش اور خطرناک قرار دیا گیا ہے جب کہ پورے کراچی میں 400 سے زائد عمارتوں کو مخدوش قرار دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کراچی: کورنگی میں چار منزلہ رہائشی عمارت گر گئی، چار افراد جاں بحق

سب سے زیادہ مخدوش عمارتیں کراچی کے اولڈ سٹی ایریا میں ہیں جہاں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے صرف نوٹس چسپاں کیے گئے ہیں لیکن حادثے سے بچنے کیلئے کوئی عملی اقدامات نہیں کیے گئے۔

خیال رہے کہ دو روز قبل بھی کراچی کے علاقہ کورنگی میں چار منزلہ عمارت گرنے سے چار افراد جاں بحق اور سات زخمی ہوگئے تھے۔

ڈی جی ایس بی سی اے علی مہدی نے کہا کہ عمارت مخدوش نہیں تھی بلکہ نئی بنی ہوئی تھی تاہم بلڈنگ غیر قانونی تھی اور چائنہ کٹنگ میں تھی۔ بارش کا پانی اور سیوریج کے پانی نے بھی بلڈنگ کی بنیادوں کو نقصان پہنچایا۔


متعلقہ خبریں