اخوت فاؤنڈیشن سندھ کے 10 ہزار لوگوں کو بلاسود قرضے فراہم کرے گی، گورنر پنجاب


کراچی: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ اخوت فاؤنڈیشن 10 ہزار لوگوں کو بلاسود قرضے فراہم کرے گی۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ملاقات کے دوران بارشوں سے نقصانات اور امدادی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ سندھ کے بارش متاثرہ افراد کی مدد کے لیے بھی پیکج کا اعلان کریں گے اور بارش سے پہنچنے والے نقصان کو پورا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے لوگ ہمارے بھائی ہیں اور ان کا دکھ ہمارا دکھ ہے۔ ہماری کوشش ہو گی کہ ہر طرح اپنے بھائیوں کی مدد کریں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ہم ایک لاکھ راشن بیگ بھی تقسیم کریں گے اور تین ہزار مالیت کا یہ راشن بیگ ایک ماہ کے لیے ہو گا۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ کراچی میں سیلاب سے تباہ کاریاں ہوئی ہیں اور گورنر پنجاب کراچی والوں سے اظہار یکجہتی کے لیے آئے ہیں۔ مشکل وقت پر ساتھ دینے کے لیے گورنر پنجاب کا مشکور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپنے سیاسی کریئر میں پہلی بار کراچی کے معاملے میں سنجیدگی دیکھی ہے اور وزیر اعظم عمران خان کراچی کے حوالے انتہائی فکر مند ہیں۔ کل گورنر پنجاب کے ساتھ بدین کا بھی دورہ کروں گا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کے مسائل کم نہ ہو سکے، پاک فوج بحالی کے کاموں میں مصروف

عمران اسماعیل نے کہا کہ جب سندھ حکومت کو پیسہ مل رہا ہے تو پھر وفاق کو سندھ میں کام کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ کراچی میں ایڈمنسٹریٹر لگانے کے حوالے سے بات چیت چل رہی ہے اور اتفاق رائے سے ہی ایماندار اور دیانتدار شخص کو ایڈمنسٹریٹر لگایا جائے گا۔


متعلقہ خبریں