کراچی: مومن آباد تھانے پر کریکر حملہ، 2 اہلکار زخمی


کراچی: کراچی کے علاقے مومن آباد پولیس اسٹیشن کے گیٹ پر کریکر حملے میں 2 پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوگئے۔

ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق نامعلوم ملزمان نے دستی بم پھینکا جو تھانے کے باہر گیٹ کے قریب گرا۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ملزمان فرار ہوگئے۔ دستی بم حملےمیں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔

یاد رہے کہ 5 اگست کو کراچی کے علاقے کورنگی میں ناصر کالونی میں دستی بم حملے میں 3 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

دستی بم حملے میں زخمی ہونے والے افراد نے پولیس کو دیے گئے بیان میں کہا تھا کہ جائیداد کے تنازع پر مخالف گروپ نے کریکر سے حملہ کیا۔  کراچی پولیس کا کہنا تھا کہ دستی بم کا لیورنہیں ملا۔

خیال رہے کہ 27 جولائی کو کراچی پولیس نے تھانہ گلبہار میں دستی بم حملے کی کوشش ناکام بنا دی تھی۔

تھانہ گلبہار پر نامعلوم  تین سے چار ملزمان نے کریکر حملہ کیا تھا۔ کریکر پھٹنے سے قبل ہی بم ڈسپوزل اسکواڈ نے اسے ناکارہ بنا دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان: ہرات میں افغان فورسز کی بمباری سے 20 افراد ہلاک

ہم نیوز کے ذرائع کے مطابق تھانہ گلبہار کے باہر نصب سی سی ٹی وی کیمرے خراب تھے جس کی وجہ سے ملزمان کی فوٹیج نہیں بن سکی تھی۔

یاد رہے کہ 8 جولائی کو کراچی کے علاقے سچل تھانہ کی حدود میں دستی بم حملے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوا تھا۔

سچل کے علاقے میں واقع بیکری پر پھینکے جانے والے دستی بم میں آرجی ڈی ون بارود استعمال کیا گیا تھا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس) نے یہ بات اپنی ابتدائی رپورٹ میں بتائی تھی۔

ہم نیوز کے مطابق سچل میں بیکری پر جو دستی بم پھینکا گیا تھا اس کا لیور جائے وقوع سے حکام کو ملا تھا۔

بی ڈی ایس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق دستی بم روسی ساختہ تھا۔ رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ لیاقت آباد میں ہونے والے دستی بم حملے میں بھی آر جی ڈی ون بارود استعمال ہوا تھا۔


متعلقہ خبریں