قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کی وجہ باؤلنگ کی ناکامی کو قرار دے دیا ہے۔انگلینڈ کیخلاف دوسرے ٹی20 میں شکست کے بعد بابراعظم نے کہا کہ عامر کی انجری کی وجہ سے باولنگ لائن کو حریف ٹیم کیخلاف مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ انگلش ٹیم کے خلاف میچ سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا جس پر آئندہ میچ میں عمل کریں گے۔ انگلینڈ کے ہاتھوں شکست پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اتنا اچھا ٹوٹل کرنے کے باوجود میچ ہار گئے۔ ہمارا پلان 170 تک رنز بنانے کا تھا لیکن ہم نے 195 بنائے۔
بابراعظم نے کہا کہ تجربہ کار آل راؤنڈر محمد حفیظ نے بہت زبردست اننگ کھیلی، بد قسمتی سے ہم باؤلنگ اچھی نہیں کر سکے۔ حریف ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ مورگن اور میلان نے اچھی اننگز کھیلی جس وجہ سے میچ ہاتھ سے گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور انگلینڈ: پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ بارش کے باعث منسوخ
سیریز برابر کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ اگلے میچ میں کم بیک کرنے کی کوشش کریں گے۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ میں مثبت سوچ رہا ہوں اور تمام کھلاڑیوں پر یقین ہے کہ آئندہ میچ میں کم بیک کریں گے۔
خیال رہے کہ مانچسٹر میں کھیلے گئے دوسرے ٹی20 میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 196 رنز کا ہدف دیا جو اس نے آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر ہی پورا کرلیا۔
میچ کے آغاز پر انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم کی سلامی جوڑی فخر زمان اور بابر اعظم نے قومی ٹیم کو 72 رنز کا آغاز فراہم کیا۔
انگلینڈ کی جانب سے مورگن نے 66 ، بیراسٹرو 44، اور ڈیوڈ مالان 53 نے رنز کی اننگز کھیلی، جب کہ پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے تین، اور حارث رؤف نے دو کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔