اسلام آباد: ملک بھر اور شہر اقتدار میں موسلادھار بارشوں کے باعث راول ڈیم میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو گیا تھا جس کے باعث اسپل ویز کھول دیے گئے ہیں۔
ڈیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسپل ویز گیٹ سے 6000 کیوسک پانی کا اخراج جاری ہے۔
قبل ازیں راول ڈیم میں پانی کی سطح 1751 فٹ سے تجاوز کر گئی تھی جس کے باعث اسپل ویز کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں مون سون بارشوں کا ساتواں اسپیل آج سے شروع ہونے کا امکان
اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ اسپل ویز 11 بجے 1.5 فٹ تک کھولے جائیں گے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے ایک پیغام میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے بتایا کہ آج راول ڈیم کے اسپل ویز کھولے جائیں گے۔
راول ڈیم اسپل وے گیٹس ابھی کچھ ہی دیر میں کھولے جا رہے ہیں ۔
1.5 فٹ تک گیٹ کھولے جائیں گے۔
6000 کیوسک پانی خارج کیا جائے گا۔اس وقت راول ڈیم کی سطح 1751.9 فٹ ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ پانی کی سطح 1752 فٹ تک ہو سکتی ہے۔اس اخراج سے دریائے سواں کے کناروں سے پانی باہر آ سکتا ہے— Deputy Commissioner Islamabad (@dcislamabad) August 31, 2020
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے نشیبی علاقوں اور ڈیم کے قریب آبادی کو الرٹ رہنے کی ہدایت بھی کی کیونکہ امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ اسپل ویز سے پانی کے اخراج کے باعث دریائے سواں کے کناروں سے پانی باہر آ سکتا ہے۔
خیال رہے کہ راول ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش 1752 فٹ ہے۔
اسپل ویز کھولنے سے قبل شہریوں کو الرٹ کرنے کے لیے سائرن بجائے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: حب ڈیم میں پانی کی سطح میں اضافہ
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آج سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا اورکشمیر میں بھی چند مقامات پر موسلادھار بارش کی توقع ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ شب موسلا دھار بارش اور صبح کے وقت بھی بادل چھائے رہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں طوفانی بارشوں کے بعد تاحال مسائل کم نہ ہو سکے
محکمہ موسمیات نے آج بھی اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ کشمیراور گلگت بلتستان میں بھی اکثر مقامات پر تیز ہواؤں کےساتھ بارش ہو سکتی ہے۔