وفاق کیساتھ مل کر شہریوں کے نقصانات کا ازالہ کریں گے، وزیر اعلیٰ سندھ



کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بارش کے دوران ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگا رہے ہیں، وفاق کے ساتھ مل کر شہریوں کے نقصانات کا ازالہ کریں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز کی بارش سے پورا شہر ہل گیا ہے، ہمیں لوگوں کی مشکلات کا اندازہ ہے۔  بارش کے اس اسپل نے ہمیں مزید کام کرنے کا احساس دلایا ہے۔

کراچی میں کل سے پیر تک مزید بارشوں کا امکان

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی میں اب تک 604 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی،  فیصل بیس میں 230.5 ملی میٹر، سرجانی ٹاوَن میں 195 ملی میٹر جب کہ بدین میں 345 ملی میٹر بارش ہو چکی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران 150 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بارشوں سے شہریوں کا بہت زیادہ نقصان ہوا ہے، گزشتہ رات فلیٹ کی دیوار گرنے سے 7 لوگ جاں بحق ہوئے ہیں۔

مراد علی شاہ نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ دادو میں برساتی نالے کی وجہ سے لوگوں کو شدید نقصان ہوا ہے، 6 جولائی سے کل تک کراچی میں 47 اموات ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں کل 17 لوگوں کی اموات ہوئی ہیں جب کہ سندھ بھر میں مون سون سیزن کے دوران  80 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

حالات کا جائزہ لینے کے لیے خود کراچی جاؤں گا، وزیراعظم

ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ لوگوں کے لواحقین سے تعزیت کرتا ہوں، بلاول بھٹو نے ہدایت کی ہے کہ  جن لوگوں کے نقصانات ہوئے ان کیلئے انتظامات کریں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی میں 1931 اور 1977 کے بعد رواں سال میں بہت زیادہ بارش ہوئی ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کا پانی تاحال جمع ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ڈھائی سال میں 4 انڈر پاس بنائے گئے ہیں،  شارع فیصل والے انڈر پاس میں  پانی موجود ہے جب کہ پرانے انڈر پاسز سے بھی ابھی پانی نہیں نکلا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں بارشوں سے فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، وزیراعظم نےکہا ہے کہ سندھ حکومت کی بھرپور مدد کی جائےگی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر ڈسٹرکٹ کے اسکول اور کالجز میں ریلیف کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں