کریم نے صارفین کا ڈیٹا چوری ہونے کا اعتراف کر لیا


اسلام آباد: آن لائن سفری سہولت فراہم کرنے والی کار سروس کریم نے کئی مہینوں کی خاموشی کے بعد قیمتی ڈیٹا چوری ہونے کا اعتراف کر لیا ہے۔

کریم کے مطابق 14 جنوری 2018 کو صارفین اور کیپٹنز کا ڈیٹا ہیک ہونے کا علم ہوا۔ ابھی تک اس ڈیٹا کے غلط استعمال کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔

دوسری جانب اماراتی میڈیا کے مطابق  ایک کروڑ 40 لاکھ صارفین کا ڈیٹا چوری کیا گیا ہے۔

کمپنی کو سائبر حملے کا اس وقت پتہ چلا جب ہیکرز نے ان کے سسٹم پر ایک پیغام چھوڑا۔

تاخیر سے سچائی سامنے لانے کے باوجود کریم نے تسلیم کیا کہ صارفین کو ایمانداری کے ساتھ ساری بات بتانا ادارے کی ذمہ داری ہے۔

کریم کی جانب سے جاری کردہ پیغام میں کہا گیا ہے کہ ڈیٹا چوری کا شکار ہونے والے صارفین کی تعداد کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔

نیٹ ورک کی سیکیورٹی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اقدامات بھی کر رہے ہیں۔ تمام صارفین اور کیپٹنز کے پاس ورڈز تبدیل کیے جائیں گے۔

نجی کار سروس کے مطابق سائبر حملہ سے متعلق قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطے میں ہیں۔

کریم کی جانب سے جاری کردہ ہدایات میں صارفین کو ذاتی معلومات کے لیے احتیاط برتنے کی تجویز دی ہے۔

کریم کمپنی نے اپنے پاس ورڈز تبدیل کرنے اور نئے مگر مضبوط پاس ورڈز اختیار کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔

کریم کی تجویز کے مطابق صارفین اپنے زیر استعمال ایپلی کیشنز اور ویب سائٹس کے لیے ایک ہی پاس ورڈ استعمال نہ کریں۔

کریم صارفین کو خبردار کیا گیا ہے کہ کسی نامعلوم ذریعے سے آنے والے لنکس کو کلک نہ کریں۔ پاس ورڈز منتخب کرتے وقت مختلف الفاظ اور ہندسوں کا مجموعہ استعمال کریں۔


متعلقہ خبریں