پیپلزپارٹی کراچی کو لسانی بنیادوں پر تقسیم کرنا چاہتی ہے، مصطفی کمال

ظالم کی ذات اور رنگ و نسل نہیں دیکھیں گے،گریبان پکڑیں گے: مصطفیٰ کمال


کراچی: پاک سر زمین پارٹی (پی ایس پی) کے سربراہ مصطفی کمال نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کراچی کو لسانی بنیادوں پر تقسیم کرنا چاہتی ہے۔

کراچی پریس کلب کے باہر مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے اقتدار کو طول دینے کے لیے سندھ کےعوام میں تفرقہ پیدا کیا، ان کا یہ عمل تعصب پر مشتمل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نئےاضلاع بنانےکی سازش سے باخبر ہوں، پیپلز پارٹی کراچی پر قبضہ کرنا چاہتی ہے ، کراچی کے بغیر پیپلزپارٹی کا سندھ کارڈ نامکمل ہے۔

مصطفی کمال نے کہا کہ پیپلز پارٹی نےکراچی کوٹکڑے ٹکڑے کردیا ،کراچی کولوٹنے والے صوبہ بنانے کی بات کر رہے ہیں، آج تک کسی نے اس شہرکے لیے آواز نہیں اٹھائی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپنی ناکامیاں چھپانے کیلئے سندھ کی تقسیم کا نعرہ لگایا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ آج میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ یہ تاثر غلط ہے کہ ضلع کیماڑی سیایسی مفادات کے لیے بنایا گیا ہے۔ ضلع بلدیاتی انتخابات کے لیے بنایا گیا۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اضلاع کا بننا کیسے کراچی کی تقسیم ہے؟ ہم پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ سندھ ہماری ماں ہے اس کی تقسیم نہیں ہونے دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: مرتضیٰ وہاب کا حکومتی فنڈز میں عطیات دینے پر اظہار تشکر

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ تعصب میں لوگوں کی خدمت نہیں ہوتی مل کر کام کرنا ہوگا، کراچی کے معاملات کو آفات بنادیا گیا ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ کراچی تباہ ہو گیا ہے، انتشار کیوں پھیلایا جاتا ہے؟ سندھ حکومت پر بلاوجہ تنقید کی جارہی ہے، کراچی کی سب کو فکر ہے لاہور کی تباہی کسی کو نظر نہیں آتی۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا دوہرا معیار ہے، یہ اپنی ذمہ داری پوری نہیں کرتے اور اختیارات کا رونا روتے ہیں۔


متعلقہ خبریں