لاہور: وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز کی نیب میں پیشی کے دوران ہنگامہ آرائی اور کارسرکار میں مداخلت کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔
لاہور میں وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کہ آج کے واقعے کی جتنی مذمت کی جائے، وہ کم ہے۔ آج کے حملے نے سپریم کورٹ پر حملے کی یاد تازہ کردی۔ نیب دفتر اور پولیس پر حملہ شرمناک ہے۔
راجہ بشارت نے کہا کہ مریم نوازکو ذاتی حیثیت میں طلب کیا گیا تھا۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے صورتحال خراب کرنے کی کوشش کی گئی۔ مسلم لیگ ن اداروں کا احترام نہیں کرتی۔
وزیر قانون پنجاب نے کہا کہ آج انہوں نے عدالت کی جانب سے دی گئی ضمانت کا غلط استعمال کیا۔ رانا ثنااللہ نے ضمانت پر ہونے کی قانونی رعایت کا ناجائزہ فائدہ اٹھایا۔آج کے واقعہ سے واضح ہوگیا کہ ن لیگ کرپٹ لوگوں کو بچانے کیلئے ہر حد پارکرسکتی ہے۔ نیب نے مریم نواز کو قانونی طور پر بلایاتھا۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز اگر اکیلی پیش ہوتی تو آج کا واقعہ پیش نہ آتا۔ مریم نواز کو کرپشن کا حساب دینے کے لیے بلایاگیا تھا۔ کچھ کو حراست میں لیا گیا اور کچھ نامعلوم افراد کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ کارسرکار میں مداخلت پر مقدمات درج کیے جائیں گے۔
راجہ بشارت نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کو سزا ملے گی۔ کچھ گاڑیوں پر جعلی نمبر پلیٹس لگی ہوئی تھیں۔ مریم نواز پیشی پر گھر سے پتھر ساتھ لے کر گئیں تھی۔ جو بھی قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کی کوشش کرے گا اس کیخلاف کارروائی ہوگی۔ مظاہرین میں سے کچھ لوگوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔
وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ آج پاکستان مسلم لیگ نواز نے سپریم کورٹ پر حملے کی تاریخ دہرادی۔
انہوں نے کہا کہ بیگم صفدر نے اپنےچچا شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی سیاست پرخودکش حملہ کیا۔ مریم نوازنےچچا سےکہا کھیلوں گی نہ کھیلنے دوں گی۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ مریم نواز نے چچا کی بچی کھچی سیاست کا جنازہ نکال دیا۔ گزشتہ رات کارکنوں میں 10لاکھ روپے تقسیم کیےگئے۔ پتھرمارنے والوں کو 25ہزار روپے دیےگئے۔ پنجاب بھرسےلوگوں کولایاگیا۔ پنجاب بھرسے 200 کارکنوں کو اکٹھا کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پرویزرشید نے مریم نوازکو نئی حکمت عملی بتادی۔ مریم صفدر نے کہا تھا کہ میری لندن تو کیا پاکستان میں بھی جائیداد نہیں۔ آل شریف کی سیاست کاجنازہ بیگم صفدرنےنکالا۔ مریم نوازکےمنفی طرزعمل سےآل شریف اس نہج تک پہنچی۔ آئینی ادارے پرحملہ قابل مذمت ہے۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ مریم صفدر کی منافقانہ سیاست بے نقاب ہوچکی ہے۔ مریم صفدرکی جگہ کوئی اور ہوتا تو شرم سے پریس کانفرنس نہ کرتا۔ مریم نوازنےریاست اور ن لیگ کاسرشرم سےجھکادیا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر سے لوگوں کو جمع کیا گیا۔ مریم نواز نے والد کی روایات کو زندہ رکھتے ہوئے نیب پر حملہ کیا۔ مریم نواز اور نوازشریف کی سیاست ختم ہوچکی ہے۔
مزید پڑھیں: آج ریاستی اور حکومتی جبر کا مقابلہ کیا، مریم نواز
وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ساری دنیا نے دیکھا کہ کس طرح شاپر بھر بھر کے پتھر لائے گئے۔ مریم نواز گاڑی میں بیٹھ کر کافی پی رہی تھیں اور کارکن باہر لڑرہے تھے۔ قانون اور آئین کے مطابق ہر چیز کودیکھا جائے گا۔ اس سارے کھیل کی ماسٹر مائند مریم صفدر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن اورلوٹ مارکرنیوالی ہمیں کشمیر پر پالیسی بتائیں گی؟ کشمیر پر وہ لو گ بات کررہے ہیں جو مودی کو تحائف بھیجتے رہے۔ مریم نواز نے کہا کہ کشمیر کو نقشے میں شامل کرنے سے کشمیر آزاد نہیں ہوگا۔ کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا، مودی کی ا ماں کو ساڑھیاں اور آم کی پیٹیاں بھیجنے سے نہیں۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ان کا کہنا ہے کہ نواسیوں کی شادی پر مودی کو بلانے سے کشمیر آزاد ہوگا۔ آپ کے مودی کو گھر میں بلانے سے کشمیر آزاد ہوگا۔ نوازشریف نے بھارت میں حریت رہنماوَں سے ملاقات نہیں کی۔